چنڈی گڑھ، 9 مئی (یو این آئی) پنجاب اور چنڈی گڑھ میں درجہ حرارت پھر سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ جمعہ کے مقابلے آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 0.8 ڈگری سیلسیس کا اضافہ درج کیا گیا، حالانکہ درجہ حرارت ابھی بھی معمول سے پانچ ڈگری سیلسیس کم پر برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال گرم ہواؤں (لو) کے آثار نہیں ہیں۔ محکمہ موسمیات چنڈی گڑھ نے 11 سے 14 مئی تک پنجاب میں بارش اور آندھی کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
نو اور 10 مئی کو موسم صاف اور خشک رہے گا۔ بھٹنڈہ ریاست کا سب سے گرم ضلع رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.1 ڈگری درج کیا گیا۔ پٹھان کوٹ میں 35.8، فرید کوٹ میں 36.0، فاضلکا میں 36.3 اور فیروز پور میں 35.4 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ چنڈی گڑھ، امرتسر، لدھیانہ، پٹیالہ، موہالی اور آس پاس کے اضلاع میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور آس پاس بنے گردابی نظام اور مغربی خلل کے اثر سے 11 مئی کے بعد موسم بدل سکتا ہے۔ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے آثار ہیں۔ اگلے 48 گھنٹوں میں درجہ حرارت دو ڈگری سیلسیس تک بڑھ سکتا ہے، لیکن بعد میں تین سے چار ڈگری سیلسیس کی گراوٹ آنے کا امکان ہے۔