لکھنؤ، 28 اپریل (یو این آئی) بنگال انتخابات کے دوران آبزرور بن کر پہنچے آئی پی ایس افسر اجے پال شرما کے ایک وائرل ویڈیو کو لے کر اتر پردیش میں سیاست گرم ہوگئی ہے۔ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ویڈیو کو لے کر بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر جمہوریت کے مجرم بخشے نہیں جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ اس واقعہ نے ریاست کی گورننس اور انتظامیہ کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور 'مہیلا سمان' اور 'ناری وندن' جیسے دعووں کی حقیقت کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں اس طرح کے واقعات مستثنیٰ نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب خواتین کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالنے والے ہی اس طرح کے رویے میں ملوث پائے جائیں، تو عام خواتین کا تحفظ کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے وابستہ خواتین بھی اس واقعہ سے بے چینی اور شرمندگی محسوس کر رہی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اب سب کی نظر اس بات پر مرکوز ہے کہ متعلقہ افسر کی معطلی یا برطرفی پر کتنی تیزی سے عمل میں آتی ہے۔ انہوں نے اسے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی شبیہ سے براہ راست جڑا ہوا معاملہ قرار دیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اس معاملے میں کی گئی کارروائی وزیر اعلی کے موقف کو واضح کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتنا کچھ سامنے آنے کے بعد حکومت پر تادیبی اور تعزیری کارروائی کا دباؤ بننا طے ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ 'زیرو ٹالرنس' کی پالیسی صرف مجرموں تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ ایسے افسران پر بھی یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے، تاکہ خواتین کا اعتماد برقرار رہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی نے آبزرور کے نام پر رام پور اور سنبھل میں ٹیسٹ کیے ہوئے اپنے ایجنٹ بھیجے ہیں، لیکن ان سے کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ دیدی ہیں، دیدی رہیں گی!
انہوں نے انتباہی لہجے میں کہا کہ صحیح وقت آنے پر بی جے پی اور ان کے ساتھیوں کو ان جیسے 'ایجنٹوں کے ایجنٹوں' کی ساری مجرمانہ کرتوتوں کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور انتہائی سخت تعزیری کارروائی بھی۔ یہ سب افسرکے طورپر ان رجسٹرڈ لوگوں کے ان رجسٹرڈ انڈر گراؤنڈ رکن ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم انہیں نہ تو بھاگنے دیں گے اور نہ ہی انڈرگراؤنڈ ہونے دیں گے۔ یہ تلاش کرلیے جائیں گے، کھود کے لائے جائیں اور غلط کاموں کی قانونی سزا بھی پائیں گے۔ جمہوریت کے مجرم بخشے نہیں جائیں گے۔