نئی دہلی، 28 اپریل (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آپریشن سندور کو دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے پختہ عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی جیسی "برائیوں" کا مقابلہ کرنے کے لیے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنے اور کسی بھی سیاسی استثنیٰ کو مسترد کرتے ہوئے متحدہ محاذ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مسٹر سنگھ نے یہ بات منگل کو کرغزستان کے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور ہندستان کے اس عزم کی علامت ہے کہ دہشت گردی کے گڑھ اب مناسب سزا سے اچھوتے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی جیسی "برائیوں" سے نمٹنے کے لیے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنے اور کسی بھی سیاسی استثنیٰ کو مسترد کرتے ہوئے متحدہ محاذ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی طرف سے اسپانسرڈ سرحد پار دہشت گردی، جو کسی کی خودمختاری پر حملہ کرتی ہے، کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ دوہرے معیار کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ ایس سی او کو ان لوگوں کے خلاف مناسب کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے، جو دہشت گردوں کو مدد، پناہ گاہیں اور محفوظ ٹھکانے فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کا بغیر کسی استثناء کے مقابلہ کرکے، ہم علاقائی سلامتی کو ایک چیلنج سے امن اور خوشحالی کے ستون میں بدل دیتے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو ایس سی او کے بنیادی اصول کے طور پر بیان کرتے ہوئے، مسٹر سنگھ نے کہا کہ تنظیم نے اس خطرے کے خلاف مشترکہ لڑائی میں اس طرح کی کارروائیوں اور نظریات کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال کے تیانجن اعلامیہ کا حوالہ دیا، جس نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط اور اجتماعی موقف کی عکاسی کی اور اسے دہشت گردی اور اس کے حامیوں کے تئیں اس کی صفر رواداری کی پالیسی کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "اجتماعی اعتباریت کا اصل امتحان مستقل مزاجی میں مضمرہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ دہشت گردی کی کوئی قومیت اور کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دہشت گردی کے خلاف ممالک کو مضبوط اور اجتماعی موقف اختیار کرنا چاہیے۔"