Jadid Khabar

ترمیمی بل ارکانِ پارلیمنٹ کو فراہم نہ کرنا جمہوریت کا مذاق: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 14 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ جس آئینی ترمیمی بل کے سلسلے میں حکومت 16 اپریل سے پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کررہی ہے، اسے اب تک ارکانِ پارلیمنٹ کو فراہم نہ کرنا حکومت کی من مانی اور جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔
کانگریس کے محکمۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے منگل کے روز جاری بیان میں کہا کہ حکومت نے پہلے 29 اپریل کو کل جماعتی اجلاس بلانے کے اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کر کے من مانی کی، اور اب بل کو اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ مشترک نہ کر کے جمہوری عمل کی خلاف ورزی کی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس 16 اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں بلایا جا رہا ہے جب تمل ناڈو اور مغربی بنگال اسمبلی کے لیے انتخابی مہم اپنے عروج پر ہوگی۔اس کے باوجود مودی حکومت نے انتخابات کے بعد کل جماعتی اجلاس بلانے کی اپوزیشن کی جائز مانگ کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔
کانگریس لیڈر نے کہا، "آج صبح تک بھی مودی حکومت نے ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ ان آئینی ترمیمی بلوں کو شیئر نہیں کیا ہے، جن پر انہیں بحث اور ووٹنگ کرنی ہے۔ یہ جمہوریت کا مکمل مذاق ہے اور وزیراعظم کی 'بلڈوزر ذہنیت' کی عکاسی کرتا ہے۔"