ہریدوار، 7 مارچ (یو این آئی) امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ ہفتہ کے روز اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت ہریدوار پہنچے۔ یہاں انہوں نے ریاستی حکومت کے چار سال مکمل ہونے پر منعقدہ پروگرام''جن جن کی سرکار: چار سال بے مثال'' میں شرکت کی اور مجموعی طور پر 427 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا۔
مسٹر شاہ نے 312.31 کروڑ روپے کی 19 ترقیاتی اسکیموں کا سنگِ بنیاد رکھا اور 115.09 کروڑ روپے کے 32 منصوبوں کا افتتاح کیا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان منصوبوں سے ریاست میں بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی کاموں کو رفتار ملے گی۔ ریاستی حکومت کے چار سالہ دورِ اقتدار کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ریاستی سطح کی نمائش بھی لگائی گئی ہے۔ اس نمائش میں یکساں سول کوڈ، نقل کے خلاف سخت قانون، جبری تبدیلیِ مذہب کی روک تھام کا قانون، انسدادِ فسادات قانون، زمین سے متعلق قوانین ، نئے فوجداری قوانین کا نفاذ، اتراکھنڈ اقلیتی تعلیمی بل اور اگنی ویروں کے لیے 10 فیصد افقی ریزرویشن جیسے اہم فیصلوں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
اس سے قبل آج دوپہر مسٹر شاہ کے جولی گرانٹ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کر کے انہیں خوش آمدید کہا۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ دھامی کے علاوہ ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، اراکینِ اسمبلی، سابق ارکانِ اسمبلی اور پارٹی کے سینئر رہنما موجود تھے۔
یو این آئی -م ک۔ایف اے