Jadid Khabar

بہار میں برڈ فلو کی دہشت، ماری گئیں 4575 مرغیاں، پٹنہ کا چڑیا گھر بند

Thumb

 موسم گرما کے شروع ہوتے ہی بیماریوں نے بھی اپنے پیر پھیلانے شروع کردیئے ہیں۔ تازہ معاملہ بہار میں سامنے آیا ہے جہاں برڈ فلو کے پھیلنے کی تصدیق کے بعد ریاستی حکومت نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ریاستی راجدھانی پٹنہ کی پی سی کالونی، کنکڑ باغ کے چڑیا گھر سیکٹر پارک اور پٹنہ ہائی کورٹ احاطے میں کوّوں اور مرغیوں کی اچانک موت کے بعد برڈ فلو (ایچ 5 این 1) کی تصدیق ہوئی ہے۔ برڈ فلو کا شبہ ہونے کے بعد نمونے جانچ کے لیے بھوپال بھیجے گئے تھے۔ رپورٹ آنے کے بعد انتظامیہ نے متاثرہ علاقے کے ایک کلومیٹر علاقے کو انفیکشن زدہ قرار دے دیا۔

انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تقریباً 4,575 مرغیوں کو مارا گیا ہے۔ وہیں 9662 انڈے اور 530 کلو دانا بھی تلف کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پورے علاقے میں جراثیم کش دوا کا چھڑکاؤ ہورہا ہے۔ اس دوران نتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور افواہوں سے گریز کریں۔ شہر میں مردہ کووں اور مرغیوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد پٹنہ زو ایڈمنسٹریشن نے چڑیا گھر سے پانی، مٹی، خون اور دیگر نمونوں کو جانچ کے لیے بھوپال کی لیب بھیجا تھا۔ جس کے بعد اب رپورٹ آنے تک چڑیا گھر میں خصوصی چوکسی برتی جارہی ہے۔ پٹنہ چڑیا گھر میں پرندوں کے باڑے کو صاف کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم پرندوں کی صحت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ برڈ فلو کی وجہ سے پٹنہ کے چڑیا گھر کو 7 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انسانوں میں برڈ فلو متاثرہ پرندوں کے رابطےمیں آنے سے پھیلتا ہے۔ اگر کوئی شخص بیمار پرندے کو چھوتا ہے، اس کے لعاب، ناک کی رطوبتوں یا ان کے فضلے کے رابطے میں آتا ہے تو وہ بیمار ہوسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ پرندوں کے پروں کے پھڑپھڑانے یا چھینکنے سے وائرس کے باریک ذرات ہوا میں پھیلتے ہیں، جو سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر کوئی انسان برڈ فلو سے متاثر ہوتا ہے تو اسے تیز بخار، کھانسی، گلے میں خراش، پٹھوں میں درد اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات نظر آتی ہیں۔