نئی دہلی، 28 فروری (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ جنگ کے ماحول کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کا اسرائیل کا دورہ نامناسب تھا اور اب جنگ بھڑکنے کے بعد یہ دورہ مزید نامناسب ثابت ہوا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ ابلاغ کے انچارج جے رام رمیش نے ہفتہ کو یہاں ایک بیان میں وزیر اعظم مودی کے اسی ہفتے ہوئے اسرائیل دورے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ''وزیر اعظم مودی کے اسرائیل دورے کی خوشی منانے کے دو دن بعد ہی اسرائیل اور امریکہ نے ایران کے خلاف اپنا مشترکہ حملہ شروع کر دیا۔ پچھلے چند مہینوں میں مغربی ایشیا میں امریکی فوجی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے یہ بالکل متوقع تھا۔ اس کے باوجود مودی نے اسرائیل جانے کا فیصلہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطح کی اخلاقی 'بزدلی' کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے وہاں اعلان کیا کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور ایسا کہہ کر خود کو ایک انعام بھی دلوا لیا۔"
کانگریس رہنما نے کہاکہ *"مودی کا یہ اسرائیل دورہ شرمناک تھا، اور اب تو یہ اور بھی زیادہ شرمناک دکھائی دیتا ہے، کیونکہ جنگ انہی دو رہنماؤں نے شروع کی ہے جنہیں وزیر اعظم مودی اپنا اچھا دوست بتاتے رہے ہیں۔"