Jadid Khabar

کجریوال نے ایکسائز پالیسی معاملے میں بری ہونے کو سچائی کی جیت قرار دیا

Thumb

نئی دہلی، 27 فروری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں بری ہونے کے بعد کہا کہ سچائی کی جیت ہوئی ہے۔ 
فیصلہ آنے کے بعد راؤز ایونیو عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیجریوال جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے عدلیہ پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ معاملہ ان کی پارٹی کو کمزور کرنے کی ایک سیاسی سازش کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا، ''ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ آخرکار جیت سچ کی ہوتی ہے۔ ہمیں ہندوستانی نظامِ انصاف پر مکمل بھروسہ ہے اور ہم نے اپنے اور اپنے ساتھیوں پر لگے بدعنوانی کے الزامات کو مسترد کیا۔'' انہوں نے مزید کہا کہ آخر میں ناانصافی اور ظلم شکست کھاتے ہیں اور سچ ہی غالب آتا ہے۔ ان کے مطابق عدالت نے اس معاملے میں تمام ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ 
کیجریوال نے الزام عائد کیا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ داخلہ امت شاہ نے مل کر عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کی بڑی سیاسی سازش رچی اور پارٹی کے پانچ سرکردہ رہنماؤں کو جیل بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کو ان کے گھر سے گھسیٹ کر جیل میں ڈال دیا گیا جو ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے خود کو بے قصور قرار دیا۔ 


انہوں نے کہا کہ انہیں چھ ماہ تک جیل میں رکھا گیا جبکہ سابق نائب وزیرِ اعلیٰ منیش سسودیا کو تقریباً دو سال جیل میں گزارنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر ان کی کردار کشی کی گئی اور انہیں بدعنوان قرار دیا گیا۔ جاری۔۔۔۔