Jadid Khabar

یوتھ کانگریس کارکنوں کی گرفتاری آمریت ہے: راہل

Thumb

نئی دہلی، 24 جنوری (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اے آئی سمٹ کے دوران یہاں بھارت منڈپم میں احتجاج کرنے کے الزام میں یوتھ کانگریس کارکنوں کی گرفتاری کو آمریت قرار دیتے ہوئے منگل کو کہا کہ پارٹی اپنے بہادر نوجوان ساتھیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ''پُرامن احتجاج ہماری تاریخی وراثت ہے۔ یہ ہمارے خون میں شامل ہے اور ہر ہندوستانی کا جمہوری حق ہے۔ مجھے یوتھ کانگریس کے اپنے ببر شیر ساتھیوں پر فخر ہے، جنہوں نے 'سمجھوتہ باز وزیر اعظم' کے خلاف نڈر ہو کر ملک کے مفاد میں آواز اٹھائی ہے۔ امریکہ کے ساتھ ہونے والے تجارتی معاہدے میں ملکی مفادات پر سمجھوتہ کیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ ہمارے کسانوں اور ٹیکسٹائل (کپڑا) کی صنعت کو نقصان پہنچائے گا اور ہمارا ڈیٹا امریکہ کے حوالے کر دے گا۔ اس سچائی کو ملک کے سامنے رکھنے کی پاداش میں یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو چب اور تنظیم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری آمرانہ ذہنیت اور بزدلی کا ثبوت ہے۔''
انہوں نے مزید کہا، ''کانگریس پارٹی اور میں اپنے ان بہادر ساتھیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ اقتدار کو سچ کا آئینہ دکھانا جرم نہیں، بلکہ حب الوطنی ہے۔ ڈرو مت-سچ اور آئین ہمارے ساتھ ہیں۔''
انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ پُرامن احتجاج بھارتی جمہوریت کی روح ہے اور اسے دبانے کی ہر کوشش کا جمہوری طریقے سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار نوجوانوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور آئین انہیں انصاف دلائے گا۔