نئی دہلی، 15 جنوری (یو این آئی) دہلی-این سی آر اور ملک کے دیگر شہروں میں شدید دھند کے باعث جمعرات کو اندرا گاندھی بین الاقوامی (آئی جی آئی) ہوائی اڈے پر 20 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ 100 سے زیادہ پروازوں کے تاخیر سے چلنے کی اطلاع ہے۔
آئی جی آئی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ سے موصول اطلاعات کے مطابق دہلی آنے والی 11 اور دہلی سے روانہ ہونے والی بھی 11 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ آمد و روانگی کی مجموعی طور پر 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دہلی ہوائی اڈے پر رات تین بجے کے بعد حدِ نگاہ کم ہونا شروع ہوئی اور صبح تک گھٹ کر صرف 50 میٹر رہ گئی۔ صبح پانچ بجے سے پروازوں کا آپریشن کیٹ-3 طریقۂ کار کے تحت شروع کیا گیا۔ اس دوران صرف ان ہی طیاروں کو لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت تھی جو کیٹ-3 آلات سے لیس ہوں اور جن کے پائلٹ اس کے لیے خصوصی طور پر تربیت یافتہ ہوں۔
دہلی کے علاوہ غازی آباد کے ہنڈن اور چندی گڑھ میں بھی دھند کی اطلاع ملی ہے۔ فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال معلوم کر لیں۔
فی الحال دہلی ہوائی اڈے پر حدِ نگاہ میں بہتری آئی ہے۔ صبح سارڑھے دس بجے حدِ نگاہ 500 میٹر ریکارڈ کی گئی۔