تہران،9 جنوری (یو این آئی) ایران میں مہنگائی اور کرنسی بحران کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے باعث انٹرنیٹ بلیک آؤٹ جاری ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں حالیہ حکومت مخالف احتجاج کا سب سے بڑا مظاہرہ ہوا، جس میں مظاہرین حکومت مخالف نعرے لگارہے تھے، اس دوران پولیس اور مظاہرین میں تصادم بھی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق احتجاج کے باعث دارالحکومت کی کئی سڑکیں بند تھیں، مشتعل مظاہرین نے اصفہان میں سرکاری نشریاتی ادارے کی عمارت اور گورگان میں گورنر کا دفتر بھی نذرآتش کردیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارہ کےمطابق دسمبرسےجاری احتجاج میں ابتک اکیس افراد جان سے گئے، جن میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
بی بی سی کے مطابق مظاہرون کا دائرہ ایران کے تمام اکتیس صوبوں تک پھیل چکا ہے جہاں سو سے زائد شہروں اور قصبوں میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
امریکی صدر نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں ایران کو ایک بار پھر متنبہ کیا کہ اگر مظاہرین کو نقصان پہنچایا تو ایران کو سخت جواب دیں گے۔
یو این آئی۔ ع ا۔