نئی دہلی، 02 جنوری (یو این آئی) دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعہ کے روز 66 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
دہلی میں آج دھند کم تھی، لیکن ملک کے دیگر حصوں میں شدید کہرے کی وجہ سے وہاں سے آنے والی اور وہاں جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ مختلف ایئر لائنز نے آج دہلی آنے والی 32 اور یہاں سے روانہ ہونے والی 34 پروازیں منسوخ کیں۔ اس کے علاوہ کئی پروازوں میں تاخیر کی بھی اطلاع ملی ہے۔
انڈیگو نے حیدرآباد، گوہاٹی، وارانسی، ادے پور، جموں، وشاکھاپٹنم اور جیسلمیر میں کہرے کی صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔ امرتسر ایئرپورٹ پر بھی آج صبح گھنا کہرا تھا۔