Jadid Khabar

شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت پر 10 لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں: گڈکری

Thumb

نئی دہلی، 4 دسمبر (یو این آئی) سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے جمعرات کو لوک سبھا میں بتایا کہ ملک بھر میں شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے 10 لاکھ کروڑ روپے کے کام جاری ہیں اور ٹول پلازوں پر مسائل کو دور کیا جا رہا ہے۔ 


وقفہ سوال کے دوران سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے دھرمیندر یادو کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ وارانسی سے اعظم گڑھ کے درمیان سڑک کی حالت جہاں ٹھیک نہیں ہے وہاں مرمت کی جا رہی ہے اور یہ کام جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے ٹول پلازوں پر مسائل کے حل کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اس روٹ پر ٹول ٹیکس سے متعلق مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔ 
انہوں نے ایس پی کے ہی راجیو رائے کے سوال کے جواب میں بتایا کہ وارانسی تا گورکھپور ہائی وے سے متعلق کام مارچ سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ 


نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی سپریا سولے کے ایک سوال کے جواب میں، مسٹر گڈکری نے کہا کہ ستارہ تا کولہاپور سڑک کی مرمت کا کام متعلقہ ایجنسیوں کو دیا گیا ہے اور ایک سال کے اندر مکمل ہو جائے گا۔ منصوبے میں کچھ مشکلات کا سامنا تھا، جن کو دور کیا جا رہا ہے۔ 
کانگریس پارٹی کے گورو گوگوئی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جورہاٹ اور ڈبرو گڑھ کے درمیان سڑک جو بارش کی وجہ سے خراب ہوئی تھی، کا معائنہ کیا گیا ہے اور کام جاری ہے۔ یہ روڈ چھ ماہ کے اندر درست کردیاجائے گا۔ 


کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے کے رادھا کرشنن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ کیرالہ میں شاہراہوں کے لیے زمین کے حصول میں کچھ مشکلات ہیں، جن کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔ وہاں ہائی وے کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ تمام مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔