Jadid Khabar

ایس آئی آر کے معاملے پر اپوزیشن کا پارلیمنٹ کمپلیکس میں احتجاج

Thumb

نئی دہلی، 2 دسمبر (یو این آئی) انتخابی فہرستوں کی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر اپوزیشن ارکان نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے مکر گیٹ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ 
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، پرینکا گاندھی وڈرا، اور کئی دیگر لیڈروں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ مظاہرین نے نعرے لگائے اور پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ایس آئی آر پر بحث کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
اپوزیشن جماعتیں مسلسل اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ سرمائی اجلاس کے پہلے دن پیر کو اپوزیشن نے لوک سبھا میں ہنگامہ کیا اور ایوان میں خلل ڈالا۔ دو اجلاسوں کے بعد ظہرانے کے وقفے کے فوراً بعد کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔
اس سے قبل ایک آل پارٹی میٹنگ میں اپوزیشن ارکان نے اسے ایک اہم مسئلہ قرار دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس عمل کے تحت بہت سے لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔