Jadid Khabar

نیتن یاہو جلد ہی کرسکتے ہیں ہندوستان کا دورہ، افسران کر رہے ہیں دورے کے تعلق سے بات چیت

Thumb

تل ابیب/نئی دہلی، 26 نومبر (یو این آئی) اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو جلد ہی ہندوستان کے دورے پر آ سکتے ہیں۔
منگل کے روز مسٹر نیتن یاہو کے دفتر نے بتایا کہ ان (نیتن یاہو) کے ہندوستان دورے کی نئی تاریخ طے کرنے کے حوالے سے ہندوستانی افسران کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
واضح رہے کہ دہلی میں لال قلعے کے قریب ہوئے خودکش کار دھماکے کے بعد نیتن یاہو کا دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ دورہ ملتوی ہونے کے باوجود نیتن یاہو کے دفتر نے کہا تھا کہ اسرائیل کا ہندوستان کے ساتھ رشتہ مضبوط ہے۔
نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ وزیرِ اعظم (نیتن یاہو) کو ہندوستان کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی سکیورٹی پر ''پورا بھروسہ'' ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے کہا کہ ''ہندوستان کے ساتھ اسرائیل کا رشتہ اور وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور ہندوستانی وزیرِ اعظم کے درمیان تعلقات کافی مضبوط ہیں۔ نیتن یاہو کو مودی کی قیادت میں ہندوستان کی سلامتی پر پورا اعتماد ہے اور ٹیمیں پہلے ہی دورے کی نئی تاریخ طے کرنے میں مصروف ہیں۔''
واضح رہے کہ دہلی میں 10 نومبر کو ہوئے خودکش کار دھماکے کے بعد دسمبر میں ہونے والا اسرائیلی وزیرِ اعظم کا دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ لال قلعے کے نزدیک ہوئے دھماکے میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
اس سے پہلے نیتن یاہو جنوری 2018 میں ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے تھے۔