Jadid Khabar

آر ایس ایس ابتدا سے آئین مخالف رہی ہے: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 25 نومبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ آر ایس ایس شروع سے ہی آئین مخالف رہی ہے اور اسی لیے آئین کو اپنائے جانے کے فوراً بعد اس نے آئین پر حملہ کرنا شروع کر دیا تھا۔ 
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ''آج سے 76 سال قبل اسی دن دستور ساز اسمبلی کے چیئرمین ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے اسمبلی کے سامنے ہندوستانی آئین کا مسودہ پیش کیا تھا اور اس موقع پر نہایت شاندار تقریر کی تھی، جو آج تک یاد کی جاتی ہے۔ لیکن اس کے اگلے ہی دن آر ایس ایس نے آئین پر شدید حملہ شروع کر دیا تھا اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔''
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے دستور ساز اسمبلی میں آئین کے مسودے کو باضابطہ طور پر منظور کرنے کی تجویز رکھی تھی۔ اس تقریر میں انہوں نے کانگریس کی تنظیمی نظم و ضبط کی تعریف کی اور کہا کہ اسی نظم و ضبط کی وجہ سے یہ جامع آئین تیار ہو سکا ہے۔ اس موقع پر دیا گیا ان کا اختتامی خطاب بلاشبہ 20ویں صدی کی دنیا کی عظیم ترین تقاریر میں سے ایک ہے۔
کانگریس لیڈر نے آر ایس ایس پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ شروع سے ہی آئین کی مخالف رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''ڈاکٹر امبیڈکر اور اس آئین پر، جسے اگلے ہی دن باضابطہ طور پر منظور کیا جانا تھا، آر ایس ایس نے شدید حملہ کیا تھا اور یہ رویہ آج بھی برقرار ہے۔'' 
یو این آئی ۔ م ع