Jadid Khabar

ہندوستان کو اپنے قائدانہ رول کو قبول کرکے کشیدگی کو کم کرنے میں پہل کرنی چاہئے:محبوبہ مفتی

Thumb

سری نگر، 10 مئی (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بیچ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو برصغیر میں اپنے قائدانہ کردار کو قبول کرنا چاہئے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لئے پہلا قدم اٹھانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 'یہ ہندوستان کے لیے ایک لمحہ ہے کہ وہ بلند کھڑا ہو کر یہ ظاہر کرے کہ اس کی اصل طاقت امن کے عزم میں ہے، جوہری ہتھیاروں میں نہیں'۔
موصوف صدر نے یہ باتیں ہفتے کے روز 'ایکس' پر اپنے ایک بیان میں کیں۔انہوں نے کہا: ' اگرچہ ابتدائی طور پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ امریکہ، بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں ایک خاص نقطہ سے آگے مداخلت نہیں کرے گا،اب صورت حال کی تشویشناک شدت کی روشنی میں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے فوجی سربراہ سے رابطہ کیا ہے، اور کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا ہے'۔ان کا کہنا ہے: ' ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر اور اب ایک ابھرتی ہوئی طاقت اور سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے ساتھ عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے'۔
محبوبہ مفتی نے کہا: 'ہندوستان کو متضاد بین الاقوامی حمایت پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ اس کے بجائے، ہندوستان کو برصغیر میں اپنے قائدانہ کردار کو قبول کرنا چاہئے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لئے پہلا قدم اٹھانا چاہئے'۔انہوں نے کہا: ' دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب ہندوستان بلند کھڑا ہو اور یہ ظاہر کرے کہ اس کی اصل طاقت او امن کے عزم میں ہے جوہری ہتھیاروں میں نہیں ہے'۔