Jadid Khabar

نڈا نے ڈینگو سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا

Thumb

نئی دہلی، 10 جولائی (یو این آئی) صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جے پی نڈا نے بدھ کو ڈینگو بخار کی روک تھام، کنٹرول اور انتظام کے لیے صحت عامہ کے نظام کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔
مسٹر نڈا کی صدارت میں یہاں منعقدہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کئی وزارتوں اور محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
مسٹر نڈا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور ان ریاستوں اور علاقوں پر توجہ مرکوز کریں جہاں اکثر ڈینگو پھیلنے کی اطلاع ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ریاستوں کے ساتھ مل کر ڈینگو کی روک تھام کے لئے ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لئے فعال طور پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگو کی وبا کو روکنے کے لیے اربن مینجمنٹ سے متعلقہ محکموں، وزارت تعلیم اور میونسپل کارپوریشنز اور مقامی سیلف گورنمنٹ کوشامل کرنا چاہیے۔ 
مرکزی وزیر صحت نے افسران کو ڈینگو کی روک تھام اور بیداری کے لیے چوبیس گھنٹے مرکزی ہیلپ لائن نمبر بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ریاستوں کو اسی طرح کی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر شروع کرنا چاہیے۔ میٹنگ میں اسپتالوں کو تربیت یافتہ افرادی قوت، ادویات اور دیگر رسد سے لیس وقف ڈینگو وارڈ یقینی بنانے کے لئے کہا گیا ہے۔