Jadid Khabar

سونیا گاندھی کی آپ بیتی میں بابری مسجد

Thumb

کانگریس پارٹی کی سینئر لیڈرسونیا گاندھی کی آپ بیتی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں کی صف میں شامل ہوگئی ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس کتاب کے ڈھائی کروڑ نسخے فروخت ہوسکتے ہیں۔انگریزی زبان میں ’بیلونگنگ:اے جرنی آف لو‘ کے عنوان سے اس کتاب کو ہارپر کالنس انڈیا نے شائع کیا ہے۔ 526صفحات کی اس کتاب کو سونیا گاندھی نے کسی کی مدد کے بغیر تحریر کیا ہے۔ شروع میں جس ناشر سے اس کی اشاعت کا معاہدہ  ہوا تھا، اس نے اس میں کچھ تبدیلیاں تجویز  کی  تھیں، جنھیں سونیا گاندھی نے قبول نہیں کیا اور اس طرح یہ کتاب ہارپرکالنس انڈیا سے شائع ہوئی ہے جو برطانیہ اور امریکہ کا ایک کثیر لسانی اشاعتی ادارہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ منگل کو جب اس کی کاپیاں نئی دہلی کی خان مارکیٹ میں منظر عام پر آئیں تو کچھ بی جے پی کے لوگ بھی نظریں چراکر اسے خریدتے ہوئے نظر آئے۔
سونیا گاندھی نے اس کتاب میں اٹلی میں گزرے ہوئے اپنے بچپن، راجیو گاندھی سے عشق اور شادی، پہلے نوزائیدہ بیٹے کی موت، کینسر سے جنگ اور گاندھی خاندان کے رشتوں پر کھل کر گفتگو کی ہے۔ اس کے علاوہ اپنی ساس اندرا گاندھی کا غصہ اور پرنب مکھرجی کے وزیراعظم بننے کی خواہش کا قصہ بھی بیان کیا ہے۔ سبھی جانتے ہیں کہ سونیا گاندھی 2004کے عام انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے اتحاد کو اکثریت ملنے کے بعد وزیراعظم کی کرسی کے بہت قریب پہنچ گئی تھیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ہرچند کہ راہل اور پرینکا نہیں چاہتے تھے کہ وہ وزیراعظم بنیں کیونکہ انھیں اپنی داد ی اور والد کے قتل کا خوف لاحق تھا۔ یوپی اے اتحاد کے لیڈروں کے دباؤ میں انھوں نے پہلے ہامی بھرلی تھی، لیکن بعد میں وہ اس فیصلے سے پیچھے ہٹ گئیں۔
سیاست دانوں کی آپ بیتیاں عام طورپر تنازعات کوجنم دینے کے لیے منظرعام پر لائی جاتی ہیں، لیکن   سونیا گاندھی کی آپ بیتی میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے جس سے کوئی سیاسی تنازعہ پیدا ہو یا ملک میں کوئی زلزلہ آئے۔ہاں بی جے پی لیڈروں نے حسب عادت اس پر ناک بھوں چڑھائی ہے۔یہاں تک کہ بی جے پی ممبرپارلیمنٹ گنگنا رنوت نے اس کتاب کے حوالے سے سونیا گاندھی کے خلاف ایسا بے ہودہ بیان دیا ہے جسپر ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگئی ہے۔ یہ ایک ایسی خاتون کی آپ بیتی ہے، جس نے دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر راجیو گاندھی سے شادی کی اور اپنا وطن اٹلی چھوڑ کر ہندوستان کی شہریت اختیار کی۔ 
جس وقت وہ گاندھی خاندان کی بہو بنیں تو ان کی ساس اندرا گاندھی ملک کی طاقتور وزیراعظم تھیں، لیکن انھوں نے وہ دور بھی دیکھا جب اندرا گاندھی اقتدار سے محروم ہوئیں۔ 1984میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ان کے شوہر راجیو گاندھی کو بادل نخواستہ ملک کی کمان سنبھالنی پڑی اور وہ لوک سبھا کی سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے والے وزیراعظم بنے، لیکن 1991 میں تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں تمل دہشت گردوں کے ہاتھوں راجیو گاندھی کی ہلاکت  کے بعد حالات سونیا گاندھی کی زندگی بدل دی۔ وہ بادل نخواستہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کی صدر بن گئیں اور 2004 میں حالات یہاں تک پہنچے کہ انھیں وزیراعظم بنانے کی تیاریاں ہونے لگیں، لیکن ان کے غیرملکی ہونے کا معاملہ طول پکڑ گیا اور بی جے پی نے اسے قومی وقار کا مسئلہ بنادیا۔ نتیجے کے طورپر انھوں نے اپنی امیدواری واپس لے کر ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزیراعظم کی کرسی پر بٹھایا جو ایک سنجیدہ اور ایماندار شخص تھے۔ انھوں نے اپنی آپ بیتی میں لکھا ہے کہ پرنب مکھرجی وزیراعظم بننے کے خواہش مند تھے اور انھوں نے خود2010میں ان سے اس کا برملا اظہار بھی کیا تھا۔ لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوسکی۔ اس کی بڑی وجہ دائیں بازو کی طرف ان کا رجحان تھا، جس کی تصدیق صدرجمہوریہ کے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد ان کی ناگپور یاترا سے اس وقت ہوئی  جب وہ آرایس ایس کے پروگرام میں شریک ہوئے۔بی جے پی نے ان کی آرایس ایس نوازی کے عوض انھیں ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز’بھارت رتن‘ سے  بھی نوازا۔2014میں وزیراعظم مودی کی پہلی حلف برداری بھی پرنب مکھرجی کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ 
سونیا گاندھی کی آپ بیتی کو پڑھ کر اس بات کا سب سے زیادہ اطمینان ہے کہ انھوں نے کہیں بھی فرقہ وارانہ سیاست کی تائید نہیں کی۔ انھوں نے لکھا ہے کہ’’وہ دسمبر1992میں ٹیلی ویژن پر بابری مسجد کے انہدام کو دیکھ کر روپڑی تھیں۔یہ واقعہ ایک اہم موڑ تھا جس نے ہندوستان کی سیکولر بنیادوں کو خطرے میں ڈالا اور اس سے یہ ظاہر ہوگیا کہ گاندھی اور نہرو جیسے لیڈروں نے ملک کے کثرت میں وحدت کے تصور کو برقرار رکھنے کے لیے کس حدتک جدوجہد کی ہوگی اور مشکلات کا سامنا کیا ہوگا۔“
حالانکہ حقیقت یہ بھی ہے کہ ایودھیا تنازعہ سونیا کے شوہر راجیو گاندھی کی وزارت عظمیٰ کے دور میں اس وقت بھڑکا تھا جب یکم فروری 1986کو بابری مسجد کا تالا توڑ کر وہاں پوجا پاٹ کی عام اجازت دی گئی تھی۔ اگرچہ  یہ کام  ایک مقامی عدالت کے فیصلے سے  ہوا تھا، لیکن جاننے والے جانتے ہیں کہ عدالتی فیصلے سے پہلے سرکاری ٹیلی ویژن دوردرشن کی ٹیم وہاں موجود تھی جس نے بابری مسجدمیں پوجاپاٹ کے مناظر کو پورے ملک میں دکھاکر اشتعال پیدا کیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ راجیو گاندھی نے بابری مسجد کا تالا کھلوانے کا فیصلہ ان ہندتوا عناصر کو مطمئن کرنے کے لیے کیا  تھا  جو پارلیمنٹ سے مسلم مطلقہ بل کی منظوری کو مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکنے سے تعبیر کرتے تھے۔ خود راجیو گاندھی کی کابینہ میں موجود ارون نہرو جیسے وزیروں نے انھیں یہ پٹی پڑھائی تھی کہ دائیں بازو کے عناصر ان سے بہت ناراض ہیں اور کانگریس ہندو ووٹ سے محروم ہوسکتی ہے،لہٰذا رام جنم بھومی مکتی آندولن کے دباؤ میں بابری مسجد کو عام پوجا پاٹ کے لیے کھول دیا گیا۔ بی جے پی کے اس ایجنڈے کو چھننے کی کوشش کانگریس کو بہت مہنگی پڑی۔ راجیوگاندھی نے فیض آباد پہنچ کر ملک میں ’رام راجیہ‘ لانے کے اعلان کے ساتھ اپنی انتخابی مہم شروع کی تھی۔یہ الگ بات ہے کہ اپنی آپ بیتی میں سونیا گاندھی کی طرف سے بابری مسجد کے تذکرے کو بی جے پی نے منہ بھرائی کی سیاست سے تعبیر کیا ہے۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ کانگریس پارٹی نے ایودھیا کی خونی تحریک کا ثابت قدمی اور مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی بجائے اس سے خود سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، جو درحقیقت آگ سے کھیلنے جیسا کام تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ کانگریس نے اس کوشش میں اپنے ہاتھ جلالیے اور وہ آہستہ آہستہ صوبوں کا اقتدار کھوتی چلی گئی۔ آج راہل گاندھی جس مضبوطی اور جرات کے ساتھ بی جے پی اور آرایس ایس سے لوہا لے رہے ہیں، اگر کانگریس نے اس وقت ایسا ہی کیا ہوتا تو آج ملک کا سیاسی نقشہ ہی دوسرا ہوتا۔سونیا گاندھی نے اپنی آپ بیتی میں گجرات2002کے فسادات کا ذکرکرتے ہو ئے لکھا ہے کہ’’ان فسادات کی بھیانک تصویریں ٹی وی پر دیکھ کر پورا ملک سہم گیا تھا۔ انھوں نے کس طرح اپوزیشن قائد کے طورپر احمدآباد میں ایک ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ وہ اس فساد میں زندہ بچ جانے والوں سے ملنے کے تجربے کے بارے میں لکھتی ہیں ’فرقہ وارانہ تشدد کے زیادہ تر متاثرین مسلمان تھے۔ گجرات میں کانگریس لیڈروں کی مدد کی پکار کے باوجود حکومت نے کوئی موثر کارروائی نہیں کی۔“ انھوں نے گجرات تشدد کے پیچھے بی جے پی، آرایس ایس اور بجرنگ دل کے انتہا پسندوں کے کردار کا بھی ذکر کیا ہے۔سونیا نے اپنی کتاب میں ہندوستان کے سماجی تانے بانے پر اپنے نقطہ نظر کا اعادہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”یہ ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر شہری کو بلا تفریق مذہب عزت ووقارکے ساتھ اور کسی کو وفاداری ثابت کئے بغیر زندگی گزارنے کے قابل ہونا چاہئے۔‘‘