مدھیہ پردیش کے دموہ ضلع میں ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ دموہ کے نوہٹا تھانہ کے تحت بنوار راستے پر سمری کے قریب مہادیو گھاٹ کے پُل پر ایک بولیرو گاڑی بے قابو ہوکر ندی میں گر گئی۔ اس حادثہ میں 8 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جس میں 5 خواتین شامل ہیں۔ سبھی مہلوکین جبل پور ضلع کے بیل کھیڑا کے باشندے تھے۔ حادثے میں کئی افراد شدید طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی تیز رفتار سے آ رہی تھی۔ بولیرو ڈرائیور گاڑی کو قابو میں نہیں کر پایا اور پُل سے 50 فٹ نیچے خشک ندی میں گر گیا۔ بولیرو چکنا چور ہو گئی۔ گاڑی کے چاروں پہیے اوپر ہو گئے اور سواریاں اسی کے نیچے دب گئیں۔ حادثے میں لوگوں کو بچنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ دیہی لوگوں نے گاڑی کو پلٹتے ہوئے دیکھا تو فوراً واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی اور خود زخمیوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم سوربھ گندھرو، تحصیل دار، تھانہ نچارج نوہٹا اور ونوار چوکی انچارج منیش یادو سمیت پولیس دستہ موقع پر پہنچا۔ زخمیوں کا ریسکیو کرکے انہیں دموہ ضلع اسپتال اور جبیرا صحت مرکز میں داخل کرایا گیا۔
مہلوکین کے رشتہ دار مقامی باشندے ہمانشو ٹھاکر نے بتایا کہ دو گاڑیوں میں تقریباً 25 افراد سوار تھے۔ ایک گاڑی آگے چل رہی تھی، دوسری گاڑی جو حادثے کی شکار ہوئی، وہ پیچھے چل رہی تھی۔ مہادیو گھاٹ کے قریب ایک موڑ پڑتا ہے، وہیں پر گھاٹ پر ریلنگ نہیں ہے۔ سبھی لوگ باندک پور سے درشن کرکے واپس اپنے گھر کٹنگی پوڑی لوٹ رہے تھے۔ جب ڈرائیور موڑ پر گاڑی موڑ رہا تھا تبھی گاڑی بے قابو ہو گئی اور ٹوٹی ہوئی ریلنگ سے نیچے گر گئی۔
مہلوکین میں 2 بچیاں، 5 خواتین اور ایک بزرگ شامل ہیں۔ مہلوکین کے نام ویجنتی بائی، تمنا لودھی، لونگ بائی، ہلکی بائی، سمپت سنگھ اور ایک دیگر بچی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ زخمیوں میں رجو ٹھاکر، آیوش، انیکیت، دریاب سنگھ اور دو بچیاں شامل ہیں۔