Jadid Khabar

سونے میں ملاوٹ کی جعلسازی، سی ٹی آئی نے کیا سخت کارروائی کا مطالبہ

Thumb

چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) نے سونے میں ملاوٹ کے لیے استعمال کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی پر تشویش ظاہر کی۔ تنظیم نے ہفتہ کے روز خبردار کیا ہے کہ اس سے صارفین کا اعتماد اٹھ سکتا ہے، اور شادیوں کے اس سیزن میں زیورات تاجر پریشان ہو سکتے ہیں۔ تاجروں اور صنعت کاروں کی سرکردہ تنظیم چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) کے چیئرمین برجیش گوئل نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے میڈیا رپورٹس کے بعد زیورات کی صنعت میں اچانک ہلچل مچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادیوں کے اس سیزن میں زیورات کے کاروباریوں کو یہ خدشہ ستا رہا ہے کہ کہیں سونے اور زیورات کی فروخت میں کمی نہ آجائے۔ برجیش گوئل نے کہا کہ سی ٹی آئی سے سیکڑوں تاجروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

برجیش گوئل نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سونے کا وزن بڑھانے کے لیے اس میں چین سے آنے والے رینیم پاؤڈر کے علاوہ روتھینیم، اریڈیم اور اوسمیم جیسی بھاری دھاتیں ملائی جا رہی ہیں۔ ان دھاتوں کی کثافت سونے کے برابر یا اس سے زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے پرانی جانچ مشینیں اس ملاوٹ کا پتہ لگانے میں ناکام ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجربے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ 22 کیرٹ بتا کر فروخت کیے جانے والے زیور میں خالص سونے کی مقدار محض 81.73 فیصد تھی، جو تقریباً 20 کیرٹ کے برابر ہے، جبکہ 22 کیرٹ سونے میں کم از کم 91.6 فیصد خالص سونا ہونا چاہیے۔ اس کے باوجود زیور کا ہال مارکنگ جانچ میں کامیاب ہو جانا انتہائی سنگین معاملہ ہے۔
برجیش گوئل نے کہا کہ ملک بھر میں 52 لاکھ شادیوں کے موقع پر تقریباً 6 لاکھ کروڑ روپے کے کاروبار کا امکان ہے، جس میں زیورات کا بڑا حصہ شامل ہے۔ ایسے وقت میں اس طرح کی ملاوٹ سے ایماندار تاجروں کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھتے ہیں اور صارفین کا اعتماد ٹوٹتا ہے۔ سی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ رینیم پاؤڈر پر پابندی عائد کی جائے اور اسے درآمد کرنے والوں کی فہرست پبلک کی جائے۔ تنظیم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ملاوٹ کرنے والے زیورات کے تاجر کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور ان کا نام بی آئی ایس کی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے۔ برجیش گوئل نے کہا کہ ایک بے ایمان جوہری کی وجہ سے 100 ایماندار جوہری بدنام ہوتے ہیں۔ انہوں نے زیورات کے کاروباریوں سے اپیل کی کہ وہ سونے کی دوبارہ لیباریٹری سے جانچ کرائیں اور اس کی رپورٹ دکان میں آویزاں کریں۔ ہر زیور کے ساتھ خالص پن کا کارڈ دیں اور پرانی ایکس آر ایف مشین کو اپ گریڈ کر کے رینیم کا پتہ لگانے والی نئی ٹیکنالوجی نصب کریں۔