Jadid Khabar

اڈیشہ میں 3 لاکھ لوگوں کا ریسکیو، 45 ٹرینیں رَد، 20 ریاستوں کا موسم اثرانداز

Thumb

مغربی وسطی خلیج بنگال میں بننے والا شدید سمندری طوفان ’اکوان‘ تیزی سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کے 20 نومبر کی دوپہر تک شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ساحل سے ٹکراتے وقت طوفان کی رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔ اس طوفان کا اثر صرف اڈیشہ اور آندھرا پردیش تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ مغربی بنگال، جھارکھنڈ، بہار، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور شمال مشرق کی تقریباً 20 ریاستوں میں بھی دیکھنے کو ملے گا۔

طوفان کے پیش نظر اڈیشہ میں بڑے پیمانے پر بچاؤ اور راحت کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ نے تقریباً 3 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ وہیں، ریلوے نے احتیاطی تدابیر کے طور پر 45 ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں اور 28 دیگر ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی صلاح دی ہے۔ کئی ریاستوں میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
سمندری طوفان اکوان کا سب سے زیادہ اثر اڈیشہ کے ساحلی اور جنوبی اضلاع میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ خصوصی راحت کمشنر راجیش پی پاٹل کے مطابق جمعرات کی شام تک 2,98,676 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا تھا۔ انہیں 2,523 راحت کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ضرورت پڑنے پر لوگوں کو ٹھہرانے کے لیے 9,341 پناہ گاہیں تیار رکھی ہیں۔ گنجام ضلع کو سب سے زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔ یہاں 1,38,311 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے عوامی اعلانات کے نظام کے ذریعے لوگوں کو سمندری طوفان کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ راحت کیمپوں میں کھانے اور ضروری سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
گنجام سمیت کئی حساس اضلاع میں این ڈی آر ایف، او ڈی آر اے ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ ریاست کے 11 اضلاع میں بچاؤ ٹیموں کو لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین اور دیگر حساس افراد کو بھی پہلے سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پوری، گنجام، گجپتی، کندھمال، کیندرپاڑا اور جگت سنگھ پور میں شدید سے انتہائی شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ سمندر میں اٹھنے والی لہروں کے باعث گنجام اور پوری کے نشیبی علاقوں میں 0.5 سے ایک میٹر تک پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔
سمندری طوفان کا اثر مغربی بنگال میں بھی دکھائی دینے لگا ہے۔ کولکاتا اور جنوبی بنگال کے کئی اضلاع میں رات بھر بارش ہوئی۔ جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی مدنی پور، کولکاتا، ہاؤڑہ اور مغربی میدنی پور کے ساحلی علاقوں میں بارش درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے شمالی 24 پرگنہ، مغربی میدنی پور، جھاڑگرام اور بانکوڑا میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کولکاتا، سالٹ لیک اور نیو ٹاؤن میں بارش کے باعث ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ دفتر جانے کے وقت سڑکوں پر جام کی صورت حال پیدا ہوگئی۔ ہفتہ تک کولکاتا اور جنوبی بنگال کے دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 21 نومبر تک سمندر میں نہ جانے کی صلاح دی ہے۔
سمندری طوفان اکوان کا اثر جھارکھنڈ میں بھی دیکھنے کو ملے گا۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے جنوبی اور وسطی حصوں میں 20 نومبر سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جمعہ کو 11 اضلاع میں شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان میں لوہردگا، گملا، سیمڈیگا، رام گڑھ، رانچی، کھونٹی، بوکارو، دھنباد، سرائیکلا-کھرساواں، مغربی سنگھ بھوم اور مشرقی سنگھ بھوم شامل ہیں۔ 21 اور 22 نومبر کو گریڈیہہ، دھنباد، دیوگھر، جامتاڑا، دمکا، گوڈا، پاکوڑ اور صاحب گنج میں بھی شدید بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے تین دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تین ڈگری تک گراوٹ آسکتی ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت میں چار ڈگری تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ 23 نومبر سے بارش کی شدت کم ہونے کا اندازہ ہے۔