Jadid Khabar

ہول سیل مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد کانگریس نے پی ایم مودی پر کیا طنز، شیئر کی دلچسپ تصویر

Thumb

گزشتہ روز ہول سیل مہنگائی کی شرح سامنے آئی، جس نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ مودی حکومت میں مہنگائی کی نئی سطح سامنے آنے کے بعد اپوزیشن پارٹیاں حملہ آور دکھائی دے رہی ہیں۔ خاص طور سے کانگریس نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں پی ایم مودی کو طنز کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تصویر میں جنوری 2026 سے اکتوبر 2026 تک ہول سیل مہنگائی کی شرح پر مبنی گرافکس موجود ہے جو نیچے کی طرف اوپر ہی بڑھتا چلا گیا ہے۔ گرافکس کے اوپری سرے پر پی ایم مودی کو لیٹا ہوا دکھایا گیا ہے اور وہ اسٹک کے سہارے موبائل کیمرہ سے اپنی تصویر کھینچتے نظر آ رہے ہیں

دراصل 16 نومبر کو مہنگائی کے محاذ پر عام آدمی کے لیے انتہائی بری خبر سامنے آئی تھی۔ اکتوبر ماہ میں ہول سیل کی شرح سالانہ بنیاد پر بڑھ کر 12.29 فیصد ہو گئی، جبکہ ستمبر 2026 میں یہ 11.39 فیصد تھی۔ اس کی وجہ ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 32.84 فیصد کا زبردست اضافہ بتایا جا رہا ہے۔ نتیجہ کار اکتوبر 2026 کے لیے تمام اشیا کا تھوک قیمتوں کا اشاریہ بڑھ کر 113.3 ہو گیا۔ ستمبر 2026 میں یہ 112.5 تھا۔ یہ اطلاع پیر کے روز حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں دی گئی۔ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں ہول سیل مہنگائی کی شرح منفی 1.18 فیصد تھی۔
وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں بنیادی اشیا، ایندھن و بجلی اور تیار شدہ اشیا میں ہول سیل مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر بالترتیب 9.24 فیصد، 32.84 فیصد اور 9.54 فیصد رہی۔ ستمبر میں یہ شرح بالترتیب 8.67 فیصد، 25.85 فیصد اور 9.76 فیصد تھی۔ وزارت نے بتایا کہ اکتوبر 2026 میں منرل آئل (جس میں پٹرولیم مصنوعات شامل ہیں)، خام پٹرولیم اور قدرتی گیس، بجلی، غذائی اشیا، بنیادی دھاتوں کی تیاری، کیمیکلز اور کیمیائی مصنوعات کی تیاری، غذائی مصنوعات کی تیاری، غیر غذائی اشیا، کپڑے کی تیاری اور ربڑ و پلاسٹک مصنوعات کی تیاری جیسے شعبوں نے تھوک مہنگائی میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔
بہرحال، کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جو گرافکس شیئر کیا ہے، اس کے مطابق ہول سیل شرح مہنگائی جنوری 2026 میں 1.19 فیصد، فروری 2026 میں 2.18 فیصد، مارچ 2026 میں 3.98 فیصد، اپریل 2026 میں 8.36 فیصد، مئی 2026 میں 9.88 فیصد اور جون 2026 میں 9.97 فیصد تھی۔ یعنی ہول سیل شرح مہنگائی ہر ماہ بڑھتی ہوئی دیکھی گئی۔ جون کے بعد جولائی ماہ میں شرح مہنگائی کچھ کم ہو کر 9.78 فیصد تک پہنچی، اور پھر ہول سیل شرح مہنگائی بڑھنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اگست ماہ میں شرح مہنگائی 9.92 فیصد اور ستمبر ماہ میں 11.93 فیصد درج کی گئی، اور اب اکتوبر ماہ میں سبھی ریکارڈ توڑتے ہوئے ہول سیل شرح مہنگائی 12.29 فیصد ہو گئی ہے۔