Jadid Khabar

دہلی میں آلودگی کا قہر برقرار، ہوا ہنوز زہریلی، آئندہ 24 گھنٹے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ

Thumb

دہلی میں آلودگی سے نبرد آزما لوگوں کو 16 نومبر کو تھوڑی راحت ضرور ملی، لیکن کئی علاقوں میں ہوا ہنوز زہریلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے راجدھانی کی ہوا بے حد خراب بنی ہوئی تھی، لیکن اب اے کیو آئی میں تھوڑی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ حالانکہ اسے آلودگی سے پوری طرح راھت نہیں کہا جا سکتا۔ دہلی کے کئی علاقوں میں اب بھی ہوا کا معیار ’خراب‘ سے ’بہت خراب‘ زمرہ میں برقرار ہے۔ فکر کی بات یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم کا رخ بدلنے اور ہوا کی رفتار کم ہونے سے آلودگی ایک بار پھر بڑھ سکتی ہے۔

16 نومبر کی صبح راجدھانی کے الگ الگ علاقوں میں آلودگی کی سطح الگ الگ رہی۔ دوارکا کے این ایس آئی ٹی علاقہ میں اے کیو آئی 330 اور سیری فورٹ میں 328 درج کیا گیا۔ اسی طرح پنجابی باغ میں 263، چاندنی چوک میں 262، آئی ٹی او میں 253 اور آئی آئی ٹی دہلی میں اے کیو آئی 248 رہا۔ آنند وہار میں اے کیو آئی 202 درج کیا گیا، جبکہ لودی روڈ میں یہ 129 رہا جو باقی علاقوں کے مقابلے بہتر حالت ہے۔ اس سے واضح ہو رہا ہے کہ آلودگی کا اثر پوری دہلی میں یکساں نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نومبر کے دوسرے ہفتہ میں دہلی کی ہوا مستقل خراب ہوتی نظر آئی ہے۔ 10 نومبر کو راجدھانی کا اے کیو آئی 299 درج کیا گیا تھا۔ 11 نومبر کو یہ بڑھ کر 324 اور 12 نومبر کو 403 تک پہنچ گیا تھا۔ اس کے بعد 13 نومبر کو اے کیو آئی 373 اور 14 نومبر کو 367 درج کیا گیا۔ مستقل کئی دنوں تک دہلی کی ہوا انتہائی خراب زمرہ میں بنی رہی۔ حالانکہ 15 نومبر کو اس میں کچھ بہتری ہوئی اور اے کیو آئی گھٹ کر 290 پر پہنچ گیا۔ اس سے لوگوں کو کچھ راحت ملی ہے۔
دہلی میں آلودگی بڑھنے کے پیچھے کئی اسباب ہیں۔ آلودگی کے ذرائع کا جائزہ لیا جائے تو بایوماس جلانے کی شراکت داری تقریباً 37.1 فیصد رہی۔ اس میں پرالی اور دوسرے طرح کے ایندھن کا دھواں شامل ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں تقریباً 17.2 فیصد آلودگی کے لیے ذمہ دار بتایا گیا ہے۔ کچرا جلانے، صنعتی اخراج اور دھول سے بھی ہوا کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔
بہرحال، چند روز ہوا کا معیار تھوڑا بہتر رہنے کے بعد 17 اور 18 نومبر کو دہلی کی ہوا پھر سے ’بہت خراب‘ زمرہ میں رہ سکتی ہے۔ اس کے عبد 19 سے 24 نومبر تک بھی آلودگی کی سطح اونچی رہنے کا اندیشہ ہے۔ دراصل آنے والے دنوں میں ہوا کی رفتار کم ہونے کا اندازہ ہے۔ جب ہوا دھیمی چلتی ہے تو آلودگی کے ذرات فضا میں ہی جمع رہنے لگتے ہیں۔ اس سے اے کیو آئی تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔