Jadid Khabar

تمل ناڈو میں برڈ فلو کا خطرہ، 40 ہزار مرغیاں تلف، 3 ماہ تک برائلر فارمنگ پر پابندی

Thumb

چنئی: تمل ناڈو میں برڈ فلو کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ریاست کے ضلع کڈلور کے ایک پولٹری فارم میں ایچ5این1 وائرس کی تصدیق کے بعد تقریباً 40 ہزار مرغیاں تلف کر دی گئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقے میں تین ماہ تک برائلر مرغیوں کی پرورش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام نے ریاست بھر میں نگرانی اور بچاؤ کے اقدامات سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ریاست کے ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر سوم سندرم نے بتایا کہ اب تک تمل ناڈو میں انسانوں کے اندر برڈ فلو کے انفیکشن کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف زدہ ہونے کے بجائے احتیاط برتیں اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں۔
اطلاعات کے مطابق ضلع کڈلور میں کُرنجی پڈی کے قریب واقع ایک پولٹری فارم میں بڑی تعداد میں مرغیوں کی موت کے بعد برڈ فلو کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد متاثرہ مرغیوں کے نمونے جانچ کے لیے مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں واقع نیشنل لیبارٹری بھیجے گئے۔ جانچ رپورٹ میں نمونے ایچ5 این1 ایویئن انفلوئنزا وائرس سے متاثر پائے گئے۔
انفیکشن کی تصدیق ہوتے ہی متاثرہ علاقے میں وائرس کی روک تھام کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی اور تقریباً 40 ہزار مرغیوں کو تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ کُرنجی پڈی کے متاثرہ علاقے میں تین ماہ تک برائلر مرغیوں کی پرورش پر پابندی لگا دی گئی ہے، تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
اس سے قبل چنئی کے ونڈلور چڑیا گھر میں بھی پرندوں کے اندر انفیکشن کا پتہ چلنے کے بعد اسے چند ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف ریاست میں انڈوں کی پیداوار کے بڑے مرکز نمکل میں بھی نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور پولٹری سیکٹر کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈاکٹر سوم سندرم نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی مردہ پرندے کو براہ راست ہاتھ نہ لگائیں۔ اگر کسی شخص میں انفیکشن سے متعلق علامات ظاہر ہوں تو اسے تاخیر کیے بغیر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
برڈ فلو بنیادی طور پر پرندوں کو متاثر کرنے والی بیماری ہے، تاہم متاثرہ پرندوں، ان کے فضلہ، جسمانی رطوبتوں یا آلودہ ماحول کے براہ راست رابطے میں آنے سے انسانوں میں بھی انفیکشن منتقل ہو سکتا ہے۔ اس لیے بیمار یا مردہ مرغیوں اور دیگر پرندوں کے رابطے میں آنے والے افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹروں نے بخار، سر درد، پٹھوں میں درد، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی مشورہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ خاص طور پر ان افراد کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے جو حال ہی میں پولٹری یا دیگر پرندوں کے رابطے میں آئے ہوں۔
محکمہ صحت نے غذائی تحفظ کے حوالے سے بھی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف اچھی طرح پکا ہوا مرغی کا گوشت استعمال کریں اور ادھ پکا گوشت کھانے سے گریز کریں۔ ڈاکٹر سوم سندرم کے مطابق مرغی کے گوشت کو مناسب درجہ حرارت پر اچھی طرح پکانے سے ایویئن انفلوئنزا وائرس ختم ہو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ گوشت تیار کرتے وقت صفائی کا خیال رکھنا اور اسے محفوظ طریقے سے سنبھالنا بھی ضروری ہے۔