Jadid Khabar

دہلی حکومت نے چھٹھ کے پیش نظر اسکولوں میں چھٹی کا کیا اعلان

Thumb

دہلی حکومت نے چھٹھ پوجا کے پیش نظر ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پیر (16 نومبر) کو تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے ساتھ ساتھ محکمۂ تعلیم کے دفاتر میں بھی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر تعلیم کی جانب سے تمام اسکولوں کے لیے اس سلسلے میں حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اس سے قبل دیوالی کے موقع پر 7 نومبر سے 11 نومبر تک اسکول بند رہے تھے اور اب چھٹھ پوجا کے لیے بھی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

قومی راجدھانی دہلی میں آلودگی کے سبب پہلے ہی اسکول ہائبرڈ موڈ میں چل رہے تھے۔ اب 13 نومبر کے بعد 16 نومبر تک تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ اس میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول شامل ہیں۔ یعنی اب سبھی اسکول پڑھائی کے لیے 17 نومبر کو ہی کھلیں گے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں کے علاوہ خود مختار اداروں و سرکاری دفاتر میں بھی پیر کے روز تعطیل رہے گی۔
دہلی حکومت نے چھٹھ کے عظیم تہوار کے پیش نظر جمنا گھاٹ پر خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں۔ گھاٹوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات سے متعلق بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دہلی میں مشرقی اترپردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے دہلی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بہار میں چھٹھ پوجا کے پیش نظر پہلے ہی اسکولوں اور کالجوں میں تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اب اسکول 17 نومبر کو ہی کھلیں گے۔ بہار اور مشرقی اترپردیش میں اس تہوار کی خاص اہمیت ہے، اس لیے ان علاقوں میں اس کا زیادہ اثر دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں میں، جہاں بہار سے تعلق رکھنے والے اور چھٹھ پوجا منانے والے لوگ رہتے ہیں، وہاں کی مقامی حکومتیں اور انتظامیہ ان کے لیے مناسب انتظامات کرتی ہیں۔ حالانکہ اس بار فی الحال اترپردیش اور دیگر ریاستوں میں چھٹھ پوجا سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔