اتر پردیش کے امیٹھی میں ایک میلہ کے دوران فوڈ اسٹال پر کچھ کھا کر اچانک 102 لوگ بیمار پڑ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میلہ میں لگے ایک اسٹال سے لوگوں نے کچوری اور ٹکی کھائی تھی، جس کے بعد ان کی طبیعت اچانک خراب ہونے لگی۔ لوگوں کی بگڑتی ہوئی حالت کو دیکھ کر میلہ میں افراتفری مچ گئی اور ہنگامہ شروع ہو گیا۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کی اور 2 لوگوں کو گرفتار کر لیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ گرام پردھان نے حکام کو اطلاع دی تھی کہ میلہ میں اسنیکس کھانے کے بعد بچوں اور بڑوں کو الٹی اور دست کی شکایت ہونے لگی ہے۔ یہ جانکاری ملنے کے فوراً بعد میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ اس کے بعد 39 بچوں اور 63 بالغوں سمیت مجموعی طور پر 102 لوگوں کا معائنہ اور علاج شروع کیا گیا۔ ان میں 10 بچوں کی حالت زیادہ خراب بتائی گئی۔ ان کے ساتھ 7 بالغوں سمیت 17 لوگوں کو علاج کے لیے تلوی کے میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔
چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر انشومان نے بتایا کہ تمام مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور خطرے سے باہر ہیں۔ صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے گاؤں میں ہیلتھ ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے میں ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سرونن ٹی نے بتایا کہ پولیس نے میلے میں فوڈ اسٹال لگانے والے راج کمار اور کھانا پکانے میں استعمال ہونے والے تیل کے ذمہ دار شیو کمار کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایس پی سرونن ٹی ک کہنا ہے کہ دونوں ملزمین کے خلاف فوڈ سیفٹی افسر متھن کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ دونوں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 275 اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمین موہن گنج تھانہ علاقہ کے مٹروا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ پولیس ملزمین سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔