Jadid Khabar

رام لیلا میدان مارچ سے قبل راہل گاندھی کا بیان، ’لوگوں کو دہلی آنے سے روکنے کی پوری کوشش کر رہے امت شاہ‘

Thumb

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپوزیشن کے مجوزہ احتجاج میں شرکت کے لیے لوگوں کو دہلی آنے سے روکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر کو تمام اپوزیشن جماعتیں رام لیلا میدان تک مارچ کریں گی، جس میں سیاسی اور غیر سیاسی ہر طبقے کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

راہل گاندھی نے جمعہ کو میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت شاہ لوگوں کو دہلی آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا جا رہا ہے اور ان کے ووٹ چھینے جا رہے ہیں۔
راہل گاندھی کے مطابق، ایسا اڈانی، امبانی، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یکم نومبر کو ہونے والے مارچ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں رام لیلا میدان تک مارچ کریں گی۔ اس میں ہر وہ شخص شامل ہو سکتا ہے جو اس مہم کا حصہ بننا چاہتا ہے، خواہ اس کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہو یا وہ غیر سیاسی ہو۔
راہل گاندھی نے اپوزیشن کے احتجاج کو ایک متحدہ تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف یا الگ الگ احتجاج نہیں ہیں بلکہ ایک ہی احتجاج ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں اس میں متحد ہوکر حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد آئین کے تحفظ، ہندوستان کے تصور اور ہر شہری کے حق رائے دہی کے دفاع کے لیے ہے۔ ووٹ ہر ہندوستانی کی آواز کا اظہار ہے اور اپوزیشن اسی حق کی حفاظت کے لیے متحد ہے۔
دریں اثنا، راہل گاندھی نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کے خلاف مجوزہ ’عوامی مواخذہ‘ پروگرام بارش کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کی رضامندی سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ پروگرام اب 31 اکتوبر یعنی کل کو اسی وقت منعقد ہوگا۔
واضح رہے کہ انڈیا اتحاد نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف عوامی سطح پر ’عوامی مواخذہ‘ پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ پروگرام کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ہونا تھا۔ اپوزیشن جماعتیں گیانیش کمار پر انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔