Jadid Khabar

’دہشت گرد صرف معصوموں کو نہیں مارتا، ذہنیت کو بھی متاثر کتا ہے‘، اقوام متحدہ میں پاکستان پر ہندوستان کا حملہ

Thumb

اقوام متحدہ (یونائٹیڈ نیشنز) میں ہندوستان نے ایک بار پھر دہشت گردی، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق پاکستان کے دوہرے رویے پر سوال اٹھایا ہے۔ ہندوستان نے بین الاقوامی طبقہ کو ٹھوس ثبوت دکھاتے ہوئے از سر نو یاد دلایا کہ پاکستان کے پاس ہندوستان کے جموں و کشمیر اور اس کے داخلی امور پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کی فرسٹ سکریٹری بھاویکا منگلانندن نے پاکستان کو مشورہ دیا کہ ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کو لے کر اس کا جو جنون ہے، اسے اپنے ناجائز قبضہ والے جموں و کشمیر کے حصوں (مثلاً راول کوٹ) میں ہو رہے ترقیاتی کاموں کی طرف موڑنا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں اپنی بات رکھتے ہوئے بھاویکا منگلانندن نے پاکستان کو آئینہ بھی دکھایا، اور کہا کہ ’’ایک دہشت گرد نہ صرف بے قصور لوگوں کو مارتا ہے، بلکہ پورے ملک کی ذہنیت کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔‘‘ انہوں نے پاکستان کو یاد دلایا کہ 1999 کی کارگل جنگ میں مارے گئے پاکستانی فوجیوں کی لاشیں اس نے قبول نہیں کی تھیں، جس کے بعد لاشوں کو ہندوستانی فوج نے پورے فوجی اعزاز اور اسلامی رسم و رواج کے ساتھ دفن کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کشمیر اور اقلیتوں کے حقوق کے معاملے پر ہندوستان کو نصیحت کرنے کے پاکستان کے اخلاقی حق پر براہ راست سوال اٹھائے۔
اس درمیان پاکستان نے ترکی، قطر اور انڈونیشیا کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے ’بدر معاہدہ‘ پر دستخط کیا۔ اس معاہدے کا مقصد چاروں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی کے تبادلے، فوجی تربیت اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ فی الحال اسے ایسا فوجی اتحاد نہیں مانا جا رہا ہے، جس کے تحت کسی ملک پر حملہ ہونے کی صورت میں باقی ممالک اس کی طرف سے جنگ میں شامل ہو جائیں گے۔ تاہم، اس معاہدے سے دفاعی شعبے میں ایک نیا نیٹورک بننے کے امکانات ضرور بڑھے ہیں، جس پر ہندوستان کی نظر رہے گی۔
اس معاہدے کے تحت چاروں ممالک اپنی دفاعی پیداواری صلاحیت اور فوجی ٹیکنالوجی کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ترکی کے پاس ترقی یافتہ دفاعی صنعت اور ہتھیار بنانے کی ٹیکنالوجی ہے۔ پاکستان اور انڈونیشیا اپنی پیداواری صلاحیت اور افرادی قوت کا تعاون دے سکتے ہیں، جب کہ قطر سرمایہ کاری اور بازار کی طلب کے ذریعے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔