Jadid Khabar

کھرگے نے حد بندی پرکل پارٹی میٹنگ بلانے کے مطالبے کے ساتھ مودی کو خط لکھا

Thumb

نئی دہلی، 16 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی سے حد بندی کی نئی تجویزوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ  بلانے اور پارلیمنٹ میں تجویزوں کو حتمی شکل دینے سے پہلے اس پر تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو کافی وقت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسٹر کھرگے نے جمعہ کے روز وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا کہ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 13 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہوئے 64 دن ہو چکے ہیں لیکن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو ابھی تک مکمل طوپر ملتوی کرنےکا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ انہوں نے 11 اپریل کو پہلی بار وزیر اعظم کو خط لکھ کر حد بندی پر آئینی ترمیمی بل لانے سے پہلے کل جماعتی میٹنگ  بلانے کی گزارش کی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد 14 اپریل کی دیر شام بل کو عوامی سطح پر پیش کیا گیا اور 16 اپریل کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ حد بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل 17 اپریل کو لوک سبھا میں ضروری دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں بہت کم فرق سے ناکام ہو گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 16 جولائی اور 27 اگست کو بھی وزیر اعظم کو خط لکھ کر کل جماعتی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا تھا اور اب وہ چوتھی بار یہ گزارش کر رہے ہیں۔

کانگریس رہنما نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ نئی تجویزوں پر تفصیلی بحث کے لیے کل جماعتی میٹنگ  بلائی  جائے اور تجاویز کو پارلیمنٹ میں غور کے لیے حتمی شکل دینے سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کو آپس میں اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت کرنے کے لیے کافی وقت دیا جائے۔

مسٹر کھرگے نے خط میں کہا کہ مسٹر مودی کو ایک بار پھر پارلیمنٹ کے ذریعے بڑی آئینی ترمیمی بل کو زبردستی پاس کرانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے پچھلی کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بل کا جو نتیجہ ہونا چاہئے تھا وہی ہوا۔