چنڈی گڑھ، 16 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پنجاب میں منشیات کے کاروبار اور منظم جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرے کو لے کر عام آدمی پارٹی (عآپ) حکومت پر نشانہ ساستے ہوئے ریاست کی امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف آواز اٹھانے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنا ضروری ہے۔
مسٹر شاہ نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے ردعمل میں مانسا میں منشیات کے خلاف مہم چلانے والے پروندر سنگھ جھوٹا کے قتل اور گورداسپور میں بکرم جیت سنگھ کے قتل کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات نے ریاست میں شہریوں کی حفاظت کو لے کر سنگین سوالات کھڑے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو حکومت سے پروپیگنڈے اور اعلانات کے بجائے جوابدہی اور ٹھوس نتائج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے منشیات کے نیٹ ورک پر فیصلہ کن کارروائی کرنے اور مجرموں کو ملنے والی کسی بھی مبینہ سیاسی سرپرستی کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔