Jadid Khabar

لوہیا کے خیالات آج بھی سماجی انصاف اور مساوات کے لیے ترغیب کا ذریعہ ہیں: نتیش کمار

Thumb

پٹنہ، 12 اکتوبر (یو این آئی) جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے عظیم سوشلسٹ مفکر اور دانشور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی برسی پر انہیں دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر لوہیا کے خیالات، اصول اور سماجی انصاف کے تئیں ان کی زندگی بھر کی جدوجہد آج بھی سماج کے لیے ترغیب کا ذریعہ ہیں۔
مسٹر کمار نے کہا کہ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا نے اپنی پوری زندگی سماجی نابرابری، ناانصافی اور استحصال کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے مساوات، سماجی انصاف اور عوامی فلاح پر مبنی سماج قائم کرنے کے لیے وقف کردی۔ ان کے سوشلسٹ نظریے نے سیاست کو محروم، نظر انداز اور کمزور طبقوں کے حقوق سے جوڑنے کا کام کیا۔ وہ ایسے نظام کے حامی تھے، جس میں سماجی اور معاشی نابرابریوں کو دور کرکے ہر شخص کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔
جے ڈی یو کے قومی صدر نے کہا کہ ڈاکٹر لوہیا کے خیالات آج بھی اہمیت  کے حامل ہیں اور ایک منصفانہ، مساوات پر مبنی اور حساس سماج کی تعمیر میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان کے اصول یہ ترغیب دیتے ہیں کہ جمہوریت کی معنویت اسی وقت ہے، جب سماج کے آخری پائیدان پر کھڑے شخص کو بھی ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑا جائے اور اسے سماجی عزت، یکساں مواقع اور اپنے حقوق کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع ملے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ ڈاکٹر لوہیا کا سوشلسٹ نظریہ، سماجی انصاف کے تئیں ان کا عزم اور مساوات پر مبنی سماج کا ان کا خواب سبھی کے لیے ترغیب کا ذریعہ ہے۔ ان کے اصولوں کو اپناتے ہوئے سماجی نابرابری دور کرنے، محروم طبقوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ترقی کے فوائد سماج کے ہر طبقے تک پہنچانے کی کوششوں کو مسلسل آگے بڑھانا ہی ان کے تئیں سچا خراج عقیدت ہوگا۔