لکھنؤ، 12 اکتوبر (یو این آئی): اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شاردیہ نوراتری کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے بیٹیوں کی تعلیم و سلامتی اور خواتین کو خود کفیل بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
یوگی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تہوار سب کی زندگیوں میں خوشی، امن اور مثبت توانائی لے کر آئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج بھی جب معاشرہ ایسے رجحانات سے نبرد آزما ہوتا ہے تو نوراتری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ نیکی اسی وقت مؤثر ثابت ہوتی ہے، جب اس میں طاقت اور عزم کی قوت بھی شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش آج عقیدت، ثقافت اور روایات کی نشاۃ ثانیہ کا ایک مضبوط مرکز بن رہا ہے۔ اس جذبے کو بامعنی بنانے کے لیے بیٹیوں کو تعلیم، سلامتی اور یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یوگی نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نوراتری میں پوجا اور ورت کے ساتھ سماجی ذمہ داریاں نبھانے کا عزم بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو یہ کوشش کرنی چاہیے کہ وہ کسی بہن کی سلامتی کے لیے اس کی آواز بنے، کسی بچی کی تعلیم میں تعاون کرے اور کسی خاتون کو خود کفیل بننے کی راہ میں سہارا دے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام کے ذریعے اپیل کی کہ نوراتری کو طاقت کی عبادت کے ساتھ خواتین کے احترام، سلامتی اور بااختیار بنانے کے عزم سے بھی جوڑا جائے۔