لکھنؤ، 10 اکتوبر (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کے بانی اور سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو (نیتا جی) کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتا جی (ملائم) کی زندگی سماج وادی اصولوں کے تئیں لگن کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ ان کے خیالات اور ان کی زندگی ہم سب کو ہمیشہ ترغیب دیتے رہیں گے۔
مسٹر یادو نے ہفتے کے روز 'ایکس' پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ نیتا جی کا ماننا تھا کہ مدد کرنا انسانیت کی پہلی سیڑھی ہے۔ انہوں نے سکھایا کہ جو سب سے کمزور ہے، اس کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھانا چاہیے اور اسے ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ ایس پی صدر نے کہا کہ نیتا جی نے سماج کو صرف امتیاز مٹانے ہی نہیں، بلکہ دل و دماغ میں موجود امتیازی سوچ کو بھی ختم کرنے کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ صرف کاغذوں پر برابری لکھ دینے سے حقیقی تبدیلی نہیں آئے گی۔ جب تک لوگوں کے درمیان اختلافات ختم نہیں ہوں گے، تب تک حقیقی سماجی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سماج میں لوگ مظلوم، دکھی اور بے عزت ہوتے رہیں گے، تب تک سبھی کو جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔
اکھلیش نے کہا کہ آج مظلوم اور محروم لوگوں کو ایک لڑی میں جوڑنے کے لیے سماج وادی پارٹی جس 'پی ڈی اے' کے نظریے کو آگے بڑھا رہی ہے، اس کی بنیاد محبت، رحم دلی اور اپنائیت ہے۔ نیتا جی اپنی زندگی میں ان اقدار کی جیتی جاگتی مثال رہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتا جی پی ڈی اے کے رہنما چراغ بن کر ہمیشہ راستہ دکھاتے رہیں گے۔ ان کی ہر یاد ایک نئی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے نیتا جی کو ایک بار پھر کروڑوں بار سلام پیش کرتے ہوئے ان کے خیالات اور سماجی انصاف کے عزم کو آگے بڑھانے کا پیغام دیا۔