Jadid Khabar

جنتر منتر پر احتجاج سے پہلے کجریوال ، سنجے سنگھ سمیت کئی 'عآپ' رہنما حراست میں

Thumb

نئی دہلی، 10 اکتوبر (یو این آئی) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہفتے کے روز جنتر منتر پر احتجاج کرنے جا رہے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سمیت پارٹی کے کئی رہنماؤں کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔

حراست میں لیے گئے رہنماؤں میں 'عآپ' کے راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ، دہلی کے سابق وزیر سوربھ بھاردواج اور ایم ایل اے درگیش پاٹھک بھی شامل ہیں۔ 'عآپ' کے ایم ایل اے کلدیپ کمار نے آج دہلی پولیس کی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ اروند کیجریوال اور 'عآپ' کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو پولیس مودی حکومت کے حکم پر حراست میں لے کر جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرنے کے لیے احتجاج کرنے پہنچ رہی تھی اور اسی دوران پولیس نے رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔

انہوں نے کہا، "یاد رکھنا، مودی جی، گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔" انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

'عآپ' کے قومی میڈیا انچارج انوراگ  ڈھانڈا نے کہا، "پچھلے ڈیڑھ گھنٹے سے کیجریوال اور ہم سب کو دہلی پولیس بس میں گھما رہی ہے۔ ان کو پتہ ہی نہیں کہ جانا کہاں ہے یا پھر دہلی کے کسی تھانے میں کیجریوال جی کو لے جانے کی ہمت نہیں ہو رہی؟"

مسٹر سنجے سنگھ نے کہا، "پچھلے ڈیڑھ گھنٹے سے دہلی پولیس یہاں سے وہاں گھوم رہی ہے۔ اروند کیجریوال کو کس تھانے میں لے جانا ہے، دہلی پولیس کو نہیں پتہ؟ عجیب مذاق چل رہا ہے۔"