نئی دہلی، 8 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو یوم فضائیہ کے موقع پر ملک کے بہادر فضائی جانبازوں، موجودہ سروس اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو نیک خواہشات پیش کیں۔
مسٹر کھڑگے نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے جوانوں نے غیر معمولی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور فرض کے تئیں غیر متزلزل عزم کے ساتھ ملک کے آسمان کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے وقت ملک کی سلامتی سے لے کر انسانی بحران کے دوران امداد پہنچانے تک فضائیہ ہمیشہ تیار رہی ہے۔
انہوں نے فضائی جانبازوں کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو فضائیہ کی شاندار وراثت اور ایک مضبوط، جدید اور حکمت عملی کے لحاظ سے اہم فوجی طاقت کے طور پر اس کے مسلسل سفر پر فخر ہے۔
محترمہ واڈرا نے یوم فضائیہ کے موقع پر ملک کے آسمان کی حفاظت کرنے والے بہادر فضائی جانبازوں کو سلام پیش کیا اور ان کی بہادری، نظم و ضبط اور لگن کو سراہا۔