نئی دہلی، 8 اکتوبر (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے گھانا کے وزیر خارجہ سیموئل اوکودزیٹو ابلاکوا سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہندوستان اور گھانا ترقی پذیر ممالک کے طور پر شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کو اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹ کر تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
وزارت خارجہ نے جمعرات کو بتایا کہ وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کثیر قطبی نظام اور تنوع کی طرف بڑھ رہی ہے، ایسے میں دونوں ممالک کو آزادانہ فیصلوں اور اسٹریٹجک خود مختاری کی آواز مضبوط کرنی چاہیے۔
مسٹر جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان اور گھانا کے درمیان زرعی تحقیق و تربیت اور حیاتیاتی تنوع کے شعبوں میں 2 معاہدے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک ادویات اور صحت، کان کنی، دفاع، ریلوے اور رقمی شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ترقی کے سلسلے میں یکساں چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے تجربات کا باہمی اشتراک فطری ہے۔