لکھنؤ، 6 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے روز کہا کہ اتر پردیش اب صرف تکنیک کا بازار نہیں، بلکہ اس کی پیداوار اور جدت طرازی کا مرکز بن رہا ہے۔ 'اسمبلی سے اے آئی تک' کا یہ سفر نئے اتر پردیش کی نئی اڑان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے 'مییک ان انڈیا'، 'ڈیجیٹل انڈیا' اور خود کفیل ہندوستان کے ویژن کو ریاست میں پالیسی، سرمایہ کاری اور پیداوار سے جوڑ کر زمین پر اتارا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اتر پردیش کے لامحدود امکانات کا استعمال نہیں کیا اور ریاست کو بیمارو بنائے رکھا۔ آج ساڑھے نو سال کے اندر ملک میں بننے والے تقریباً 60 فیصد موبائل فون اور 55 فیصد الیکٹرانکس کمپوننٹ کی پیداوار میں اتر پردیش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیور میں 3,706 کروڑ روپے کی ایچ سی ایل-فاکسکان چپ یونٹ کی تعمیر ہو رہی ہے۔ ریاست میں 644 میگاواٹ صلاحیت کے ڈیٹا سینٹر کی تجاویز آ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ 24 ہزار سے زائد اسٹارٹ اپ اور آٹھ یونیکارن اتر پردیش میں تیار ہو چکے ہیں۔ یعنی ریاست کا سفر موبائل سے ماڈیول اور ماڈیول سے مائیکرو چپ تک پہنچ رہا ہے۔
یوگی نے کہا کہ سال 2017 سے پہلے اعلانات ہوتے تھے، لیکن پروجیکٹس کو زمین پر اترنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی تھی۔ اس وقت کنبہ پروری، مافیا راج اور خوشامد کو ترقی کا ماڈل بنا دیا گیا تھا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے ترجیحات بدلی ہیں۔ کنبے کی ترقی کی جگہ ریاست کی ترقی، مافیا کی سرپرستی کی جگہ سرمایہ کار کی سرپرستی اور خوشامد کی جگہ تکنیک کو ترجیح دی گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ الیکٹرانکس پیداوار بڑھنے کے ساتھ ڈیٹا سینٹر کی ضرورت بڑھی اور اب اتر پردیش ڈیٹا سینٹر سے اے آئی سٹی تک مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد تیار کر رہا ہے۔ یوگی نے کہا ہے کہ اے آئی-پرگیا کے ذریعے 10 لاکھ نوجوانوں کو نئی تکنیک سے جوڑنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ریاست کا بڑھتا ہوا اسٹارٹ اپ نظام نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے والے سے آگے بڑھا کر روزگار دینے والا بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی اتر پردیش تکنیک کی مارکیٹ تھا، لیکن آج وہ تکنیک کا خالق بن رہا ہے۔ 'اسمبلی سے اے آئی تک' کا یہ سفر صرف تکنیک کا نہیں، بلکہ نوجوانوں کے روزگار، صنعت کاری اور خوشحالی کا سفر ہے۔ اسی سلسلے میں منگل کے روز لکھنؤ میں ایچ سی ایل ٹیک کے قیام کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقدہ پروگرام میں وہ شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ایچ سی ایل-گووی ایمرجنگ ٹیک اسکلنگ سینٹر کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 'وکست بھارت-وکست اتر پردیش' کے عزم کے ساتھ ریاست تکنیک، سرمایہ کاری اور جدت طرازی کے شعبے میں نئی شناخت بنا رہا ہے۔ یہی نئے اتر پردیش کی نئی اڑان ہے۔