نئی دہلی، 3 اکتوبر (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کرناٹک میں شدید خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ان سے ذاتی طور پر فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
مسٹر کھرگے نے ہفتہ کو وزیراعظم کو خط کے ذریعے کرناٹک میں خشک سالی کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ ریاست میں ستمبر تک 58 فیصد بارش کی کمی رہی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی اس سلسلے میں خط لکھا تھا۔
انہوں نے وزیراعظم سے کلیان کرناٹک خطے میں مرکزی ٹیم بھیج کر خشک سالی سے ہونے والے نقصانات کا فوری جائزہ لینے، ریاست کی جانب سے قومی آفات سے نمٹنے کے فنڈ (این ڈی آر ایف) اور ریاستی آفات سے نمٹنے کے فنڈ (ایس ڈی آر ایف) کے تحت مانگی گئی 3705.30 کروڑ روپے کی مکمل امداد جاری کرنے اور چھوٹے و معمولی کسانوں کو راحت دینے کے لیے تازہ ترین اراضی ریکارڈ کی بنیاد پر ان پٹ سبسڈی کا حساب لگانے کی درخواست کی۔
مسٹر کھرگے نے کہا کہ ریاست کے مزید 11 تعلقوں، جہاں فی الحال زمینی تصدیق کا عمل جاری ہے، اور دیگر اہل تعلقوں کو اسی جاری خشک سالی کے واقعے کے تحت مرکزی امداد کے لیے شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنانے اور متبادل بجلی کی لاگت کے لیے زیادہ امداد دینے کے ساتھ ساتھ ریاست کو بغیر تاخیر فوری اور مناسب راحت فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔