Jadid Khabar

عام آدمی پارٹی کی قومی ترجمان پرینکا ککڑ سمیت 3 رہنماؤں نے تھاما کانگریس کا ہاتھ

Thumb

عام آدمی پارٹی کی قومی ترجمان، اترپردیش کے سابق وزیر اور متھرا کے مانٹ حلقہ اسمبلی سے 8 بار رکن اسمبلی رہے شیام سندر شرما اور سینئر صحافی رجت ٹنڈن نے کانگریس کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ تینوں لیڈران کی شمولیت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پارٹی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کانگریس پارٹی کی نظریاتی فکر سے متاثر ہو کر آج عام آدمی پارٹی کی رہنما پرینکا ککڑ کانگریس میں شامل ہوئی ہیں۔ ان کے ساتھ رجت راکیش ٹنڈن اور سابق رکن اسمبلی شیام سندر شرما بھی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے۔ آپ سب کو مبارکباد اور مستقبل کے لیے دلی نیک خواہشات۔‘‘ اس موقع پر دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو، راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا، راجیو شکلا اور نصیر حسین مجود رہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکن نصیر حسین نے کہا کہ ’’آج 3 اہم شخصیات کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔ پرینکا ککڑ جو عام آدمی پارٹی کی سابق چیف قومی ترجمان اور سپریم کورٹ کی سینئر وکیل ہیں۔ شیام سندر شرما، اتر پردیش سے سابق رکن اسمبلی ہیں۔ رجت راکیش ٹنڈن، مجاہد آزادی پرشوتم داس ٹنڈن کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں 20 سال سے زیادہ صحافت کا تجربہ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’آج لداخ سے کنیا کماری تک لوگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ ہم کھلے دل سے سب کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘

راجیہ سبھا رکن راجیو شکلا نے کہا کہ ’’ آج بہت خوشی کا دن ہے۔ ہمارے ساتھ شیام سندر شرما ہیں، جو اتر پردیش میں کافی بااثر رہنما ہیں۔ شرما جی 8 بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور ماضی میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ پرینکا ککڑ اور رجت راکیش پانڈے بھی کانگریس پارٹی سے وابستہ ہو رہے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ ان سب کے ساتھ آنے سے اتر پردیش اور ملک کی سیاست پر بہت اثر پڑے گا۔‘‘ پارٹی میں شامل ہونے کے بعد شیام سندر شرما نے کہا کہ ’’سیاست کا مطلب ہے محنت، خودمختاری، عزم اور عہد کی پابندی۔ یہ سوچ صرف کانگریس پارٹی کے اندر ہے۔ دیگر پارٹیاں ذات پات اور مذہب کی سیاست کی بات کرتی ہیں، لیکن کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی انسانیت کی بات کرتے ہیں۔ کانگریس ہمیشہ انسانیت کے لیے وقف رہی ہے۔ اسی لیے آج میں نے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘