نئی دہلی، 28 ستمبر (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ انتخابی کمیشن کو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ ہندوستان کے شہریوں کی شہریت طے کرنے والا ادارہ نہیں ہے۔
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ سال ریٹائر ہوئے جج سدھانشو دھولیا نے ایک انگریزی اخبار میں واضح طور پر کہا ہے کہ خصوصی تصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) عمل کے تحت شہریت طے کرنا انتخابی کمیشن کا کام یا آئینی ذمہ داری نہیں ہے۔ شہریت کا تعین پارلیمنٹ کی طرف سے وقت وقت پر ترمیم شدہ شہریت قانون، 1955 کے تحت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عہدے پر بیٹھے چیف الیکشن کمشنر نے شہریت اور دیگر مسائل پر جان بوجھ کر اور واضح طور پر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے جین زی ووٹروں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے لیے بھی فارم-6 میں غیر قانونی تبدیلی کی ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ جمہوریت کو ختم کر دیا گیا ہے اور اسے دوبارہ حاصل کرنے کے طویل سفر میں پہلا قدم چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے مورچے کے طور پر کام کر رہے ہیں اور آئین کے لیے باعثِ خفت ہیں۔