نئی دہلی، 28 ستمبر (یواین آئی) کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ انتخابی کمیشن سے جڑے تنازع پر پارٹی سنجیدگی سے لڑائی لڑے گی اور اس مسئلے پر آگے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے منگل کو یہاں پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز اکائی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلائی گئی ہے۔مسٹر کھرگے نے پیر کو صحافیوں سے کہا کہ میٹنگ میں اس مسئلے پر بات چیت ہوگی اور ورکنگ کمیٹی کے تمام اراکین اپنی تجاویز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ پورے ملک، جمہوریت کے وجود اور ملک کے مستقبل سے جڑا ہے، اس لیے کانگریس اس کے تعلق سے بے حد سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چناؤ کمیشن کے اپنے لوگوں نے ہی اس کے تعلق سے سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کیرالہ کے سابق چیف سکریٹری نے بھی کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ان سے الیکشن لڑنے کو کہا تھا۔ اس انکشاف سے پتہ چلتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر بی جے پی کی آئیڈیالوجی کا پرچار کر رہے ہیں اور بی جے پی کارکن بن گئے ہیں۔کانگریس صدر نے کہا، "چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ وہ استعفیٰ دیں گے اس کے بعد بھی ان کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔"