Jadid Khabar

مودی، سونیا سمیت کئی اہم رہنماؤں نے منموہن سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا

Thumb

نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر محترمہ سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس کے جنرل سکریٹری محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی اہم رہنماؤں نے ہفتے کے روز سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی 94 ویں یومِ پیداائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا "ہمارے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت۔ انہوں نے عوامی زندگی میں کئی سال گزارے اور پوری لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔"

محترمہ گاندھی نے ڈاکٹر سنگھ کی تصویر پرگلہائے عقیدت نذر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہیں ان کی دانشمندی، عاجزی اور قوم کے لیے غیر متزلزل عزم کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہندوستان کی معاشی تبدیلی میں ان کا تعاون اور ملک کے لیے ان کی خدمات تاریخ کا ایک دائمی حصہ ہیں۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ منموہن سنگھ کی تاریخی معاشی اصلاحات نے ہندوستان کے ترقیاتی سفر کو بدل دیا، نئے مواقع پیدا کیے اور لاکھوں لوگوں کو غربت سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ ان کی عاجزی، ایمانداری اور بصیرت ان کی عوامی زندگی کی پہچان رہی نیز انہوں نے پرسکون وقار اور حساسیت کے ساتھ رہنمائی کی۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی باضمیر عوامی خدمت، ہمہ گیر ترقی اور انقلابی اصلاحات کا ورثہ آنے والی نسلوں کو تحریک دیتا رہے گا۔

مسٹر راہل گاندھی نے ڈاکٹر سنگھ کو معاشی اصلاحات کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دانشمندی، ایمانداری اور عاجزی کے ساتھ ملک کی خدمت کی نیز ان کے پرسکون عزم اور مدبرانہ بصیرت نے چیلنجنگ اوقات میں ملک کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ گیر ترقی اور عوامی خدمت کے لیے ڈاکٹر سنگھ کا عزم لوگوں کو تحریک دیتا رہے گا۔

محترمہ واڈرا نے کہا کہ ماہرِ معاشیات اور کامیاب مدبر کے طور پر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان کی ترقی کو غیر معمولی رفتار دی اور ملک کی خوشحالی کو نئ بلندیوں پر پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی دور اندیش اور ہمہ گیر معاشی پالیسیوں کے ذریعے ڈاکٹر سنگھ نے ہر طبقے کو خوشحال بنایا اور ملک کی ترقی میں ان کے بے مثال تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محترمہ واڈرا اور مسٹر گاندھی کے ساتھ ہی کئی اہم رہنماؤں نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خراجِ عقیدت پروگرام میں ڈاکٹر سنگھ کی تصویر پر پھول نذر کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر اس دوران دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسٹر گاندھی سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی حکومت میں وزیر خزانہ کے طور پر انہوں نے 1991 میں شروع کی گئی معاشی اصلاحات میں اہم کردار ادا کیا تھا ان کے دورِ اقتدار میں مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ اور حقِ معلومات ایکٹ سمیت کئی اہم پالیسی اقدامات ہوئے۔ ان کا 92 سال کی عمر میں 26 دسمبر 2024 کو انتقال ہوا تھا۔