Jadid Khabar

ریزیڈنٹ ڈاکٹر راج نریش خودکشی معاملے میں باہمی بات چیت سے تمام مسائل کا حل نکالا جائے: گہلوت

Thumb

جے پور، 26 ستمبر (یواین آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اپیل کی ہے کہ ایمس جودھپور میں اینستھیزیا کے پہلے سال کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر راجنریش یادو کی خودکشی کے معاملے میں ایمس انتظامیہ اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو باہمی بات چیت اور حساسیت کے ساتھ تمام مسائل کا مناسب حل نکالنا چاہیے، تاکہ کسی بھی صورت میں مریضوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گہلوت نے ڈاکٹر یادو کی خودکشی کو انتہائی افسوسناک اور بدقسمتی قرار دیتے ہوئے ہفتہ کو یہ اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھی ڈاکٹر مشتعل ہیں اور ہڑتال جیسے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی راجستھان اور دیگر علاقوں کے مریضوں کے لیے ایمس جودھپور علاج کا ایک اہم مرکز ہے، اس لیے مریضوں کے مفادات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اس معاملے کا جلد حل نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایمس انتظامیہ کو ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے مسائل بھی حل کرنے چاہئیں اور ایسا نظام وضع کرنا چاہیے جس سے مستقبل میں ایسی افسوسناک صورت حال پیدا نہ ہو۔