Jadid Khabar

نیپال میں شدید بارش سے شیوہر میں سیلاب کا خطرہ، انتظامیہ الرٹ

Thumb

شیوہر، 26 ستمبر (یو این آئی) نیپال کے ترائی علاقوں اور بہار کے سرحدی علاقوں میں ہو رہی شدید بارش کے پیش نظر شیوہر ضلع انتظامیہ ممکنہ سیلاب اور پانی جمع ہونے کی صورت حال پر پوری طرح الرٹ ہو گئی ہے۔
اس علاقے میں باگمتی ندی کی آبی سطح خطرے کے نشان 61.28 میٹر کو پار کرکے 62.29 میٹر تک پہنچ گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ پرتبھا رانی کی ہدایت پر ایڈیشنل کلکٹر، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سب ڈویژنل افسر اور اسسٹنٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر نے ضلع کے حساس اور انتہائی حساس علاقوں کے ساتھ ساتھ پشتوں کا موقع پر معائنہ کیا۔ افسران نے بیلوا گھاٹ، ڈبّا گھاٹ، موہاری باندھ سمیت دیگر علاقوں میں پہنچ کر ندی کی آبی سطح اور پشتوں کی صورت حال کا جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران پشتوں کی حفاظت، پہلے کیے گئے حفاظتی کاموں اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دستیاب وسائل کی جانچ کی گئی۔ پشتوں پر ریت سے بھرے بوروں اور دیگر ضروری سامان کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی۔
افسران نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ آبی سطح میں اضافہ، پشتے پر دباؤ، پانی کا رساؤ یا کسی بھی دوسری غیر معمولی صورت حال کی اطلاع فوری طور پر ضلع انتظامیہ کو دیں۔ علاقے میں مسلسل نگرانی رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی یقینی بنانے کو کہا گیا ہے۔
انتظامیہ نے ندی، کنارے اور پشتوں کے حساس علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الرٹ رہنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ اور اونچی جگہوں پر جانے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ بچوں کو ندی، نہر، تالاب اور پانی جمع ہونے والے علاقوں میں نہ جانے دینے اور مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے اور سیلاب و موسم سے متعلق معلومات کے لیے صرف اتھارائز سرکاری ذرائع پر بھروسہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں ضلع ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ٹیلی فون نمبر 06222-257060 اور 06222-257061 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔