Jadid Khabar

جو گن نہیں پائے، وہ گنتے رہیں، ہم تقرریاں دیتے رہیں گے: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 19 ستمبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو لوک بھون میں مشن روزگار کے تحت یو پی پی ایس سی اور یو پی ایس ایس ایس سی سے منتخب 818 امیدواروں کو تقرری  نامے سونپے۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ جو لوگ روزگار نہیں دے پائے، وہ آج سوال اٹھا رہے ہیں۔ وہ گنتے جائیں، ہم نوکریاں دیتے جائیں گے۔ اگلے 6 ماہ میں ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری نوکری دیں گے۔
مسٹر یوگی نے کہا کہ اب تک ساڑھے 9 لاکھ نوجوانوں کو شفاف طریقے سے نوکری دی جا چکی ہیں۔ پولیس میں 36 ہزار، ہوم گارڈ میں 41-42 ہزار، یو پی ایس ایس ایس سی سے 25-30 ہزار، ایجوکیشن سلیکشن کمیشن سے 20-25 ہزار اور یو پی پی سی ایس سے 15-16 ہزار بھرتیاں آئندہ مہینوں میں ہوں گی۔
سابق حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2017 سے پہلے کمیشنوں میں بھائی بھتیجوں کو بٹھا کر بھرتی کے عمل کو بدنام کیا گیا۔ ایک بھی بھرتی ایمانداری سے نہیں ہوتی تھی۔ ایسی بھرتیاں بھی ہوئیں جہاں درخواست نہ دینے والوں کو تقرری نامے مل گئے۔ وصولی کے لیے گروہ سرگرم ہو جاتے تھے۔ ہم نے گروپ ج اور د سے انٹرویو ختم کر دیے۔
مسٹر یوگی نے کہا کہ بیمار اتر پردیش نہیں تھا، حکومتوں کی ذہنیت بیمار تھی۔ کام کرنے کا طریقہ بدعنوان اور امتیازی تھا۔ اس وقت نوجوان کو مسئلہ سمجھا جاتا تھا، ہم نے اسے ریاست کی طاقت بنایا۔ آج اتر پردیش ریوینیو سرپلس اسٹیٹ ہے اور ملک کی سرفہرست 3 معیشتوں میں شامل ہے۔ 9 سال میں فی کس آمدنی، معیشت اور بجٹ 3 گنا ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے آیوش کو الگ وزارت دے کر نئی شناخت دی۔ اب آیوش یونیورسٹیاں، نئے کالج اور بھرتیاں ہو رہی ہیں۔ نو منتخب نوجوان پوری ایمانداری کے ساتھ 25 کروڑ عوام کی خدمت کریں۔
تقریب میں وزیر دیا شنکر مشرا دیالو، مینکیشور شرن سنگھ، ہنس راج وشوکرما، ایڈیشنل چیف سکریٹری امت کمار گھوش، پرنسپل سکریٹری ششی بھوشن لال سشیل اور کمیشن کے چیئرمین ایس این سابت موجود تھے۔