نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے اروناچل پردیش میں 1270 کروڑ روپے کے ٹھیکوں سے جڑی بے ضابطگی کے معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعلٰی پیما کھانڈو سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ سپریم کورٹ نے چھ اپریل کو 2015 سے 2025 کے درمیاں محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر کے ذریعہ ان کے خاندان کے افراد کو دیے گئے 1270 کروڑ روپے کے ٹھیکوں کی سی بی آئی جانچ کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس وقت پی ڈبلیو ڈی کی ذمہ داری مسٹر کھانڈو کے پاس تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب مسٹر کھانڈو وزیراعلٰی ہیں اور انہیں اس معاملے میں فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ تین اگست کو سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی شکایت پر اروناچل پردیش حکومت کے اعلیٰ حکام کو طلب کیا تھا اور تب سی بی آئی نے ریاستی حکومت پر جانچ میں تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ مسٹر کھانڈو متعلقہ فائلوں تک سی بی آئی کو نہیں پہنچنے دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 24 اگست کو سپریم کورٹ نے کہا کہ ریاست نے سی بی آئی کو متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کے بجائے بڑی مقدار میں غیر متعلقہ دستاویزات دیے ہیں۔ معاملے کی اگلی سماعت 25 ستمبر کو ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی اور مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے کہ وزیراعلٰی اب بھی عہدے پر برقرار ہیں۔