Jadid Khabar

جہاں لوگوں کی سوچ ختم ہوتی ہے، وہیں مودی جی کا وژن شروع ہوتا ہے: راج ناتھ

Thumb

وارانسی، 17 ستمبر (یواین آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جائے پیدائش وڈ نگر اور ان کی کرم بھومی کاشی کو جوڑنے والی موٹر سائیکل ریلی محض ایک مقام سے دوسرے مقام تک کا سفر نہیں، بلکہ دو اہم مقامات کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔

مسٹر سنگھ نے کہا، ''ایک طرف کاشی ہے، جہاں سے مودی جی کی عوامی زندگی کو نئی توانائی ملی اور ماں گنگا کا آشیرواد حاصل ہوا۔ دوسری طرف وڈ نگر ہے، جہاں انہیں قابل احترام ماں ہیرا بین کا آشیرواد اور زندگی کے بنیادی اقدار کی بنیاد ملی۔ میرا تجربہ ہے کہ جہاں لوگوں کی سوچ ختم ہوتی ہے، وہیں مودی جی کا وژن شروع ہوتا ہے۔''

انہوں نے کہا کہ اس کی مثال 2001 میں گجرات میں آنے والا تباہ کن زلزلہ ہے۔ اس مشکل وقت میں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے مسٹر مودی نے ذمہ داری سنبھالی۔ لوگوں کو لگتا تھا کہ گجرات اس مصیبت سے باہر نہیں نکل پائے گا، لیکن وزیراعظم مودی نے سب کو غلط ثابت کرتے ہوئے گجرات کی ترقی کو ''ٹیسٹ میچ سے ون ڈے'' میں تبدیل کرنے کا کام کیا۔ انہوں نے گجرات کو ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھایا اور آج گجرات ایک ماڈل ریاست کے طور پر قائم ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایک اچھا رہنما بہتر سڑکیں، بہتر بنیادی ڈھانچہ اور پل تعمیر کروا سکتا ہے، لیکن عظیم رہنما وہ ہوتا ہے جو لوگوں کو خود کفیل بناتا ہے۔ وزیراعظم مودی کی بھی یہی کوشش ہے۔ مدرا یوجنا کے ذریعے چھوٹے کاروباری اپنے پیروں پر کھڑے ہو رہے ہیں اور اسکل انڈیا نے ہنر کو روزگار سے جوڑنے کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ملک کے ہر شہری تک بینکنگ کی سہولت پہنچے گی، لیکن وزیراعظم مودی نے یہ ممکن کر دکھایا۔

انہوں نے کہا، ''زندگی صرف طویل نہیں بلکہ بامقصد اور باوقار بھی ہونی چاہیے۔ وزیراعظم مودی کی سالگرہ پر ہم سب ان کی درازیٔ عمر کی دعا کرتے ہیں۔ جہاں تک زندگی کے بڑا ہونے کا سوال ہے، وزیراعظم کی شخصیت، قیادت اور کارکردگی نے یہ مقام پہلے ہی حاصل کر لیا ہے۔''