Jadid Khabar

مودی حکومت کے وزراء کی چنتن یا 'چنتا' میٹنگ : کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے 23 اور 24 ستمبر کو مرکزی وزراء کی چنتن میٹنگ بلائے جانے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وزراء کی چنتن میٹنگ سے زیادہ 'چنتا' میٹنگ معلوم ہو رہی ہے۔
کانگریس مواصلاتی شعبہ کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت چاروں طرف سے گھِر چکی ہے۔ اس کے عجیب فیصلے اس کے لیے بحران بن گئے ہیں اور لوگ اس سے ناراض ہیں۔

مسٹر رمیش نے کہا کہ حال ہی میں اس نے یو پی آئی پر چارج لگا دیا جس سے عوام میں شدید غصہ ہے اور اب اپنی حکومت کے امریکہ کی کمپنیوں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے کیئے گئے اس فیصلے کے بعد پیدا ہوئی بڑی مخالفت سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی حکومت یہ کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی ہر طرف سے ایسے سوالات اور تنقیدوں کے نشانہ پر آ گئے ہیں، جس کی سطح اور شدت پہلے کبھی دیکھنے کو نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے 35 دن گزر جانے کے بعد بھی اجلاس  ختم نہیں ہوا ہے، جو اپنے آپ میں بے مثال ہے۔ مسٹر رمیش نے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت جٹانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ گزشتہ 17 اپریل کو اپوزیشن کی یکجہتی کی وجہ سے ملی شکست کا بدلہ لیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی یکجہتی کو توڑنے اور ڈرانے دھمکانے کی کوششوں کے باوجود وہ قائم رہے گی۔