Jadid Khabar

راہل گاندھی کے خلاف ہتکِ عزت کیس میں بحث کا آخری موقع

Thumb

سلطان پور، 16 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ پر قابلِ اعتراض تبصرے کے معاملے میں کانگریس رہنما راہل گاندھی کے خلاف دائر ہتکِ عزت کے مقدمے کی سماعت بدھ کے روز ملتوی ہو گئی۔ ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی عدالت کے مجسٹریٹ شبھم ورما نے شکایت کنندہ کو انتباہ کے ساتھ آخری موقع فراہم کیا ہے۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 21 ستمبر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور رائے بریلی سے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی کے خلاف ایک مقدمہ ایم پی-ایم ایل اے عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ شکایت کنندہ اور بی جے پی رہنما وجے مشرا کے وکیل سنتوش پانڈے نے عدالت سے بحث کے لیے مزید وقت مانگا اور بتایا کہ وہ مذہبی تقریب میں مصروف ہونے کی وجہ سے تیاری نہیں کر سکے تھے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی کے وکیل کاشی شکلا نے بتایا کہ اس سے قبل بی جے پی رہنما وجے مشرا نے راہل گاندھی کے وائس سیمپل کی فرانزک لیبارٹری سے جانچ کرانے کی عرضی دی تھی، جو ٹرائل کورٹ اور سیشن کورٹ دونوں سے خارج ہو گئی تھی۔ وجے مشرا نے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، لیکن وہاں بھی ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ پچھلی سماعت 3 ستمبر کو ہوئی تھی، جب شکایت کنندہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اس معاملے میں 1 ستمبر کو ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کی گئی ہے۔
راہل گاندھی پر الزام ہے کہ انہوں نے سال 2018ء میں بنگلورو میں مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے خلاف قابلِ اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ اسی معاملے میں 4 اگست 2018ء کو ڈسٹرکٹ کوآپریٹو بینک کے سابق چیئرمین اور بی جے پی رہنما وجے مشرا نے ان کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
اس کیس میں عدالت نے 27 نومبر 2023ء کو راہل گاندھی کو طلب کیا تھا اور ان کے پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد راہل گاندھی 20 فروری 2024ء کو عدالت میں حاضر ہوئے اور ضمانت حاصل کی، جس کے لیے انہوں نے 25-25 ہزار روپے کے دو مچلکے بھرے تھے۔ راہل گاندھی نے 26 جولائی 2024ء کو اپنا بیان درج کرایا تھا۔ اس سے قبل 20 فروری کو بھی ان کا بیان درج کیا گیا تھا۔ بعد میں شکایت کنندہ کی جانب سے راہل گاندھی کے وائس سیمپل کے ملان کی دائر کردہ عرضی کو ٹرائل کورٹ نے 2 مئی کو اور سیشن کورٹ نے 15 جولائی کو خارج کر دیا تھا اور اب ہائی کورٹ سے بھی ان کی درخواست رد کی جا چکی ہے۔